شاہ محمود قریشی کا کینیڈا کے وزیر خارجہ سے رابطہ ، دو طرفہ تعلقات، کرونا وائرس کی صورتحال اور معاشی مضمرات سمیت باہمی دلچسپی پر گفتگو

کرونا کے ساتھ ساتھ ہمیں ٹڈی دل کے حملے کا بھی سامنا ہے جس سے زراعت کے شعبے کو شدید خطرات لاحق ہیں ،مخدوم شاہ محمود قریشی بھارت اپنی ہندتوا سوچ پر عملدرآمد کے ذریعے پورے خطے کے امن و استحکام کو تباہ کرنے کے درپے ہے، وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا دونوں وزراء کا کرونا وبا سے نمٹنے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کے لیے، باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ

بدھ 3 جون 2020 22:52

شاہ محمود قریشی کا کینیڈا کے وزیر خارجہ سے رابطہ ، دو طرفہ تعلقات، کرونا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کینیڈا کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی کرینہ گولڈ سے ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کیا جس میں دونوں وزراء کے مابین دو طرفہ تعلقات، کرونا وائرس کی صورتحال اور اس کے معاشی مضمرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا ۔وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے حوالے سے کینیڈا کی طرف سے اٹھائے گئے بروقت موثر اقدامات کو سراہتے ہوئے، اس وبا سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اپنے محدود وسائل کے ساتھ ایک طرف کرونا جیسی عالمی وبا سے نبرد آزما ہے تو دوسری طرف معاشی بحران کا شکار لاکھوں غریب پاکستانیوں کی معاشی معاونت کیلئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان اس وقت کرونا کی انتہائی سطح کو چھو رہا ہے ہمیں بیک وقت دو چیلنجز کا سامنا ہے ،ایک طرف ہمیں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے اور دوسری طرف اپنے لوگوں کو بھوک اور غربت سے بچانا ہے ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ 25 فیصد پاکستانی خط _غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں ہم اپنے محدود وسائل کے باوجود، کورونا وائرس کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے "احساس پروگرام کے تحت، تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کرونا عالمی وبائی چیلنج سے نبرد آزما ،ترقی پذیر ممالک کی ابتر معاشی حالت کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کیلئے’’ڈیٹ ریلیف‘‘کی فراہمی کی تجویز دی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ جی 20 اور دیگر اہم فورمز پر اس تجویز کو نہ صرف زیر بحث لایا گیا بلکہ اس تجویز کے پیش نظر عملی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں تاہم اس چیلنج کی نوعیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ اقدام ناکافی ہیں ۔ وزیر خارجہ ہمیں توقع ہے کہ کینیڈا جی 7 اور جی 20 فورمز کا اہم اور فعال رکن ہونے کے ناطے اس ڈیٹ ریلیف تجویز کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے میں مدد کریگا ،کنیڈین وزیر نے ڈیٹ ریلیف تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرونا ایک عالمی چیلنج ہے ہم اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

کنیڈین وزیر نے کہا کہ ہم کرونا وبا کے ساتھ ساتھ پولیو کے خاتمے کے لئے بھی پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے ۔وزیر خارجہ نے ترقی پذیر ممالک کی معاشی معاونت کے لیے عالمی کانفرنس کے انعقاد اور وزیر اعظم عمران خان کو مدعو کرنے پر کنیڈین وزیر اعظم کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کرونا کے ساتھ ساتھ ہمیں ٹڈی دل کے حملے کا بھی سامنا ہے جس سے زراعت کے شعبے کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔

وزیر خارجہ نے کینیڈین وزیر کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کشی اور انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی ہندتوا سوچ پر عملدرآمد کے ذریعے پورے خطے کے امن و استحکام کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت، مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے ذریعے امن پسند شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے ،بھارت، مسلمانوں کو کرونا وبا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دے کر ان کی مسلسل تضحیک کر رہا ہے عالمی برادری کو اس ہندوستان کے منفی رویے کا نوٹس لینا چاہیے ۔دونوں وزراء نے کرونا وبا سے نمٹنے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کے لیے، باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ۔