کراچی کا موسم بگڑنے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے الرٹ جاری کر دیا

محکمہ فائر کے عملے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت، کچھ طیاروں کو ہواوں کی شدت سے بچانے کے لیے محفوظ شلٹرز میں منتقل کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 4 جون 2020 00:17

کراچی کا موسم بگڑنے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے الرٹ جاری کر دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2020ء) کراچی کا موسم بگڑنے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے الرٹ جاری کر دیا، کچھ طیاروں کو ہواوں کی شدت سے بچانے کے لیے محفوظ شلٹرز میں منتقل کر دیا گیا، محکمہ فائر کے عملے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ائرپورٹ پر موسم کی خرابی کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔

ائیرپورٹ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ محکمہ موسمیات سے لمحہ بہ لمحہ ویدر اپ ڈیٹ حاصل کرنے کیلئے رابطے میں رہا جائے۔ جہازوں کی ٹیک آف اور لینڈنگ سے قبل کاک پٹ عملے کو تفصیلی آگاہی فراہم کی جائے۔ حدنگاہ کم ہونے کی صورت میں جناح ٹرمینل پر لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے سازگار موسم کو ترجیح دی جائے ۔

(جاری ہے)

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ فائر کا عملہ اقدامات کرے۔

تیز آندھی طوفان کے باعث ٹرمینلز پر کھڑے کچھ چھوٹے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کیساتھ اضافہ وزن باندھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ جبکہ کچھ طیاروں کو ہواوں کی شدت سے بچانے کے لیے محفوظ شلٹرز میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ بدھ کی شب کو کراچی میں شدید آندھی کے دوران مختلف حادثات میں 4 شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کی شب کو شہر قائد میں آنے والی آندھی 54 سے 74 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں چلنے والی آندھی کے باعث حد نگاہ 1کلومیٹر ہوگئی تھی۔ عام دنوں میں کراچی شہر میں حد نگاہ 5 سے 6 کلو میٹر ہوتی ہے، لیکن بدھ کی شب کو آندھی طوفان کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہوئی۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ شدید آندھی آنے کے بعد سے کراچی شہر کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ اس وقت شہر کا بیشتر حصہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔