توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم

رمضان شوگرمل کیس میں شہبازشریف ‘حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے11جون کی تاریخ مقرر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 5 جون 2020 12:10

توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم
اسلام آباد/لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 جون۔2020ء) احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نوازشریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے. احتساب عدالت نمبر 3 کے جج سید اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کا تحریری حکم جاری کیا ‘تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کی رہائشگاہ پرتعینات گارڈ عبدالمجید نے عدالتی سمن لینے سے انکار کیا ہے.

(جاری ہے)

عدالت کی جانب سے جاری تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے وارنٹ کی تعمیلی رپورٹ کی روشنی میں عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کیا ہے‘تحریری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کی صرف1دن کی حاضری سے استثناءکی درخواست منظور ہوئی ہے، عدالتی حکم کے مطابق سابق صدر زرداری 11 جون کو توشہ خانہ ریفرنس کی آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے‘عدالت کے حکم کے مطابق کیس میں سابق وزراء اعظم نواز شریف، یوسف رضا گیلانی کے علاوہ دیگر ملزمان انور مجید، عبدالغنی مجید بھی پیش ہوں.

عدالتی حکم نامے میں سرکاری وکیل کو آئندہ سماعت پر توشہ خانہ ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے. دوسری جانب لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگرمل کیس میں ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے11جون کی تاریخ مقرر کردی ہے نون لیگ کے مرکزی صدرشہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو بھی عدالت میں طلب کیا گیا ہے. احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچوہدری نے کیس پر سماعت کی اور قومی احتساب بیورو(نیب) کی جانب سے پراسیکیوٹر وراث علی جنجوعہ پیش ہوئے‘خیال رہے کہ عدالت کی جانب سے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر پہلے بھی فرد جرم عائد کی جا چکی ہے تاہم دونوں کی جانب سے صحت جرم کے انکار پر عدالت نے گواہان کو طلب کیا تھا.

سال 2019 میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا‘نیب نے الزام عائد کیا ہے کہ رمضان شوگر ملز کے لیے 10 کلو میٹر طویل نالہ تیار کیا گیا شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا.

نامزد ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے مبینہ طور پر 21 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے‘نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز کے سی ای او ہیں، رمضان شوگر ملز کے لیے مقامی آبادیوں کے نام پر 36 کروڑ روپے کی لاگت سے تحصیل بھوانہ کے قریب سیوریج نالہ بنوایا گیا، شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اس کے لیے قومی خزانے کا استعمال کیا ہے.