محکمہ بہبود آبادی کے زیرِ اہتمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کیلیے کورونا وائرس کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر پر ورکشاپ

جمعہ 5 جون 2020 21:50

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات )آزاد حکومت ریاست جموںو کشمیر ڈاکٹر سید آصف حسین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے ہماری معشیت ، ترقی اورگورننس کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اس وائرس کا سب سے زیادہ دبائو ہیلتھ انفراسٹرکچر پر آ رہاہے اور فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹر صاحبان کو کورونا وائرس شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کے زیرِ اہتمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کیلئے کورونا وائرس کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر پر منعقدہ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لمبے عرصے کیلئے کورونا کے ساتھ زندگی بسر کرنے کیلئے تیار رہنا ہے اورورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے مرتب شدہ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر سید آصف حسین نے محکمہ بہبو د آبادی کی طرف سے سینئر میڈیکل کنسلٹنٹ، ہیلتھ منیجر ز اور ہیلتھ کیئر سروس مہیا کرنے والی ورک فورس کی کورونا وائرس کے حوالہ استعداد کار اور اہلیت بڑھانے کیلئے ورکشاپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے ایک قابلِ ستائش اور بروقت اقدام قرار دیا ۔ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بہبود آبادی راجہ محمد رزاق نے کہا ہے کہ ہمیں ریاستی عوام کے مفاد میں جلد از جلد ’نیو نارمل ‘ کی جانب گامزن ہونے کیلئے اپنے آپکو تیار کرنا ہے۔

اور اس کیلئے بین الاقوامی اچھی پریکٹسز اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے مرتب شدہ گائیڈ لائنز کے مطابق ہیلتھ پروفیشنلز کی صلاحیتوں کو یقینی بنانا ہے۔ اور اس مقصد کی تکمیل کیلئے محکمہ بہبود آبادی ، وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز حکومت پاکستان ، یو این ایف پی اے اور جپائیگو پاکستان کے تعاون کا شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19کے حوالہ سے ہیلتھ کیئر منیجرز کی استعداد کار بڑھانے کیلئے محکمہ بہبود آبادی پیش پیش رہے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ماریہ ریسورس پرسن جپائیگو نے طبی شعبہ سے وابستہ افراد کو نئے چیلنجز میں تربیت کے اغراض و مقاصد کے علاوہ ساری دنیا میں کورونا سے نبرد آزما ہونے کیلئے اختیار کردہ احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر ماریہ نے کہا کہ موجودہ ٹریننگ پورے پاکستان میں یو این ایف پی اے کے تعاون جاری ایمرجنسی ریسپانس کے حصہ کے طور پر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کی کورونا وائرس کے حوالہ سے صلاحیت میں اضافہ کیلئے منعقد کی جا رہی ہے۔

یہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ وفاقی وزارتِ صحت حکومت پاکستان اور یو این ایف پی اے کے تعاون سے جپائیگو پاکستان، جو ایک جان ہاپکنز یونیورسٹی کا ذیلی ادارہ ہے۔ ڈاکٹر صاحبان کو کورونا وائرس سے نمٹنے اور اپنی ذاتی حفاظت کیلئے اقدامات اپنانے کیلئے تربیت فراہم کر رہا ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر سیکرٹری بہبود آبادی راجہ محمد رزاق نے شرکاء کورس میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیئے۔