کورونا وائرس کے باعث سندھ بجٹ پیش کرنے کے لیے سندھ اسمبلی کا ہائبرڈ اجلاس

بلانے پرحکومت اوراپوزیشن میں اتفاق ایوان میں 20 سے 25 ارکان شریک جبکہ سندھ اسمبلی کے دیگرتمام ارکان کسی بھی مقام سے ہائبرڈ اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیتے ہوئے اپنا نقطہ نظربیان کرسکیں گے،اسپیکرآغاسراج درانی کی زیرصدارت سندھ اسمبلی کی پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس میں اتفاق

ہفتہ 13 جون 2020 23:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2020ء) کورونا وائرس کے باعث سندھ بجٹ پیش کرنے کے لیے سندھ اسمبلی کا ہائبرڈ اجلاس بلانے پرحکومت اوراپوزیشن میں اتفاق ہوگیا ہے،ورچوئل سیشن کرنے پرحکومت اوراپوزیشن میں اختلاف رائے پرہائبرڈ اجلاس بلانے کی تجویز منظورکرلی گئی،ایوان میں 20 سے 25 ارکان شریک جبکہ سندھ اسمبلی کے دیگرتمام ارکان کسی بھی مقام سے ہائبرڈ اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیتے ہوئے اپنا نقطہ نظربیان کرسکیں گے۔

اسپیکرآغاسراج درانی کی زیرصدارت سندھ اسمبلی کی پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس میں کورونا کے باعث سندھ اسمبلی کا بجٹ سیشن ملٹی ہائبرڈ کلاڈ پلیٹ فارم استعمال کرنے پراتفاق ہوگیا ہے۔ قبل ازیں حکومت کی جانب سے سندھ اسمبلی کا ورچوئل بجٹ سیشن طلب کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی جس سے ایم کیو ایم پاکستان سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اتفاق نہیں کیا اورمطالبہ کیا کہ بجٹ سیشن میں صوبائی اسمبلی کے تمام ارکان کوموقع دینے کے لیے ہائبرڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ارکان اجلاس کی کارروائی کا حصہ بن سکیں۔

(جاری ہے)

ملٹی ہائبرڈ کلاڈ ٹیکنالوجی کے استعمال سے سندھ اسمبلی کے تمام ارکان جوکورونا وائرس کے باعث قرنطینہ میں ہیں وہ بھی گھربیٹھے کارروائی میں حصہ لے سکیں گے علاوہ ازیں صوبائی اسمبلی کے ورچوئل اجلاس کے لیے این ای ڈی یونیورسٹی اورآئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے انتظامات مکمل کرلیے تھے تاہم اب بجٹ سیشن کے لیے ہائی برڈ ٹیکنالوجی کے استعمال کے فیصلے پراتفاق رائے کے بعد انتظامات کا آغازکردیا گیا ہے ،اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ ایونٹ کی فراہمی کے لئے پوری کوشش کریں گے۔

سندھ اسمبلی کے تین جون کوہونے والے سیشن کی وجہ سے کئی اراکین اسمبلی کے کورونا وائرس ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں اورکورونا کا شکارہونے والے ارکان کی تعداد 23ہوگئی ہے۔کورونا وائرس کی وجہ سے سماجی فاصلہ دیگرپابندیوں کی بدولت ہائبرڈ ایونٹ کی میزبانی ایک آسان حل ہے جو بیک وقت کئی ارکان کو اپنے ساتھ جمع ہونے والے ایک چھوٹے گروپ کے ساتھ رابطے کی سہولت فراہم کرتی ہے ہائبرڈ ٹیکنالوجی کے ذریعہ آن لائن افراد کے ساتھ میزبانی کرنے والے ورچوئل شرکا کی تعداد لامحدود ہے اورزیادہ سے زیادہ افراد کے مابین باہمی رابطے کا ذریعہ ہے اسی طرح ملٹی ہائبرڈ کلاڈ پلیٹ فارم میں بڑے پیمانے پر معلومات جمع کی جاسکتی ہیں جس سے ادارے اور لامحدود افراد اسے استعمال کرنے اور اس کی بنیاد پر اہم فیصلے کرنے میں معاون ہے۔

سندھ اسمبلی ملک کی پہلی اسمبلی ہوگی جوجدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ہائبرڈ اجلاس منعقد کرے گی۔