Live Updates

گوجرانوالہ، شیخوپورہ روڈ کی تعمیر چند روز میں شروع ہو جائے گی، چودھری بلال اعجاز

اتوار 14 جون 2020 18:55

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2020ء) چودھری بلال اعجاز سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ انتظار کی گھڑیاں ختم پی ٹی آئی حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی خصوصی ہدایت پر گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کی تعمیر چند روز میں شروع ہو جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرسٹ ایکشن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شیخوپورہ روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈز کا اجراء کر دیا ہے جس کی تعمیر آئندہ چند روز میں شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کی عوام کی امنگوں کے مطابق گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کی تعمیر جلد شروع ہو جائے گی، پی ٹی آئی حکومت تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر یہ منصوبہ مکمل کروائے گی، حکومت پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 5.7 ارب روپے کی لاگت سے 43 کلومیٹر سڑک کا یہ منصوبہ اگلے سال مارچ تک مکمل کر لیا جائیگا، 48 فٹ دو رویہ سڑک کے ساتھ ساتھ چھ فٹ کے اضافی شولڈرز بھی بنائے جائیں گے، شوبازویوں اور مداریوں کا دور ختم ہو چکا، گوجرانوالہ اور حلقہ این اے 84 کے عوام کی تعمیر و ترقی پی ٹی آئی حکومت کی ترجیح ہے، اس سلسلہ میں چودھری بلال اعجاز نے کمشنر گوجرانوالہ وقاص علی محمود اور مختلف محکموں کے افسران سے شیخوپورہ روڈ کی تعمیر کے سلسلہ میں ہونے والی میٹنگ میں بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

چودھری بلال اعجاز نے مزید کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن پاکستانی قوم اور مسلح افواج بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے مودی حکومت اور انڈین فورسز کو دو ٹوک جواب دے کر اور سعودی عرب سے پاکستانی قیدیوں کو چھڑا کر پوری قوم کی ترجمانی کی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات