بھارتی فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی‘8افراد شہید

مسجد میں اندھا دھند فائرنگ سے کئی معصوم شہری زخمی بھی ہوئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 20 جون 2020 13:25

بھارتی فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی‘8افراد شہید
سری نگر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 جون۔2020ء) بھارتی فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے اور حالیہ واقعات میں قابض فوج نے مسجد میں فائرنگ کرکے 8 کشمیریوں کو شہید کردیا ہے. کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ مسجد میں دو کشمیری حریت پسند موجود تھے جن کے ساتھ مسلح تصادم ہوا اور فائرنگ کے تبادلے میں8کشمیری شہید ہوگئے جبکہ آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کا بیان مکمل طور پر درست نہیں کیونکہ مجاہدین کی موجودگی کا امکان موجود ہے مگر مسجد کے اندر سے فائرنگ نہیں کی گئی بلکہ بھارتی فوج نے مسجد میں اندھادھند فائرنگ کردی جس سے شہادتوں کے علاوہ کئی عام شہری زخمی بھی ہیں.

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سال اگست کے بعد سے صورتحال انتہائی تشویشن ناک ہے، بھارت کی جانب سے وادی کو حاصل خصوصی حیثیت ختم کردی گئی تھی جبکہ وہاں مواصلاتی روابط کو منقطع کردیا گیا تھا جو ابھی تک مکمل طور پر بحال نہیں ہوئے ہیں . حکام کا کہنا تھا کہ ایک مسلح تصادم سری نگر کے قریب نیج میں ہوا، جس کے نتیجے میں ایک حریت پسند کی موت واقع ہوئی جبکہ بعد ازاں رات گئے مسجد میں 2 حریت پسندوں کو جاں بحق کردیا گیا انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے مسجد میں ”آنسو گیس کے شیل“ استعمال کیے.

علاوہ سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ فورسز نے ضلع شوپیاں میں سیب کے باغ میں ایک زیرزمین پناہ گاہ میں موجود 5 حریت پسندوں کو شہید کردیا اس فائرنگ کے تبادلے کے بعد حکومتی فورسز اور حریت پسندوں کے حامی گاﺅں والوں کے درمیان کشیدگی میں بھی اضافہ ہوگیا. قبل ازیں ریڈیو پاکستان نے اپنی رپورٹ میں کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی تنازعات میں جنسی تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ رپورٹ میں کہا تھا کہ بھارت کشمیری خواتین کو گرفتار، ہراساں کرنے، ریپ اور دست درازی کرنے سمیت ان کے خلاف تشدد کو جنگ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا تاکہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے جاری جدو جہد کو روکا جاسکے.

رپورٹ میں کہا گیا کہ جنوری 1989 سے آج تک بھارتی فورسز نے 11 ہزار 204 خواتین کی عصمت دری کی گئی اس میں مذکورہ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ جنوری 1989 سے آج تک بھارتی فوج، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے جاں بحق کیے گئے 95 ہزار 630 کشمیریوں میں ہزاروں خواتین بھی شامل ہیں. بتایا گیا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں اس عرصے کے دوران 22 ہزار 915 خواتین بیوہ بھی ہوچکی ہیں خیال رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے وہاں کشمیریوں کے خلاف ظلم میں اضافہ ہوا ہے اور آئے روز نہتے کشمیری بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل کیے جارہے ہیں.

11 جون کو بھی مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کے دوران ایک مبینہ جھڑپ میں 5 حریت پسند شہید ہوگئے تھے‘اس سے قبل 8 جون کومقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی حالیہ ریاستی دہشت گردی کے دوران مبینہ جھڑپوں میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کم از کم 9 کشمیری جاں بحق ہوگئے تھے. جس پر دفتر خارجہ نے بھارتی فوج کی جانب سے 9 نوجوانوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت کی ریاستی دہشت گردی قرار دیا تھا واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کے جعلی مقابلے معمول بن چکے ہیں، تاہم رواں سال اس میں مزید تیزی آئی ہے.