پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملہ، شہید ہونے والے سیکورٹی گارڈ کی بہن بھی انتقال کر گئی

سیکورٹی گارڈ حسن کے شہادت کی خبر سن کر غم سے نڈھال بہن بھی جہاں فانی سے کوچ کر گئی، دونوں بہن بھائیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

muhammad ali محمد علی پیر 29 جون 2020 22:43

پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملہ، شہید ہونے والے سیکورٹی گارڈ کی بہن بھی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جون2020ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملہ، شہید ہونے والے سیکورٹی گارڈ کی بہن بھی انتقال کر گئی، سیکورٹی گارڈ حسن کے شہادت کی خبر سن کر غم سے نڈھال بہن بھی جہاں فانی سے کوچ کر گئی، دونوں بہن بھائیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے ایک اور انتہائی افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کے باعث ایک ہی خاندان کے 2 افراد جہاں فانی سے کوچ کر گئے۔

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کے دوران حسن نامی سیکورٹی گارڈ جام شہادت نوش کر گیا۔ واقعے کے بعد جب یہ خبر حسن کے گھر پہنچی، تو خبر سننے اور غم سے نڈھال ہونے کے بعد حسن کی بہن بھی انتقال کر گئی۔

(جاری ہے)

شہید حسن اور اس کی بہن کی نماز جنازہ ایک ساتھ ادا کر دی گئی ہے۔ نماز جنازہ کراچی کے علاقے لیاری میں ادا کی گئی۔

واضح رہے کہ پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں داخلی دروازے پر ڈیوٹی پر موجود کراچی پولیس کا سب انسپکٹر شاہد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگیا جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

حملہ آور دہشت گردوں کیخلاف پولیس کی بروقت کاروائی سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں موجود تمام عملہ اور عمارت بڑی تباہی سے محفوظ رہی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حملہ آور دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ اور دستی بم حملے میں چار سیکورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا ہے۔ جوابی کاروائی میں تمام دہشت گردو بھی مارے گئے۔ پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے پاس موجود جدید اسلحہ ہینڈ گرینڈ، بارود اور دیگر اشیاء کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔