آزاد کشمیر کی جامعات طلباء کو عالمی سطح پر مقابلے کے لیے تیار کریں ، سردار مسعود خان

آزاد علاقے کو علم و آگاہی کا مرکز بنانے کے لیے پرُ عزم ہیں، جامعات معیار تعلیم مذید بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں ،مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر ہر روز ایک نئی قیامت ڈھائی جاتی ہے ، صدر آزاد کشمیر کامسٹ یونیورسٹی میں لائبریری ، اسٹوڈنٹس سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 2 جولائی 2020 16:47

آزاد کشمیر کی جامعات طلباء کو عالمی سطح پر مقابلے کے لیے تیار کریں ..
میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2020ء) آزاد کشمیر کے سرکاری شعبہ میں قائم جامعات کو علم و آگاہی کے جدید ترین مراکز تعلیم میں بدلنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعو د خان نے جامعات کی انتظامیہ اور اساتذہ پر زور دیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو سائنس و ٹیکنالوجی ، معیشت ، معاشی منصوبہ سازی اور تحقیق کے میدان میں معیاری تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ وہ نہ صرف آزاد کشمیر اور پاکستان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی کارکردگی کے جو ہر دکھا سکیں ۔

یہ بات اُنہوں نے جمعرات کے روز میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سٹی کیمپس میں لائبریری اور اسٹوڈنٹس سروس سنٹر کے افتتاح اور جامعہ کے نئے کیمپس میں سنٹرل لائبریری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

تقریب میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فتح محمد مری، آزاد کشمیر حکومت کے وزیر برائے ترقی توانائی آرگنائزیشن چوہدری رخسار احمد ، سابق وزیر چوہدری محمد سعید ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مقصود احمد ، ڈاکٹر حبیب الرحمان ، جامعہ کے ڈین حضرات اور ڈائریکٹر صاحبان اور پرنسپل آفیسران نے شرکت کی ۔

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی کی انتظامیہ کو مختصر مدت میں جامعہ کی مرکزی لائبریری ، مسجد اور کیفے ٹیریا کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مرکزی لائبریری کا ایک حصہ ای- لائبریری کے لیے مختص کیا جائے تاکہ وہ طلبہ جولائبریری میں آ کر ذخیرہ کتب سے براہ راست استفادہ حاصل نہیں کر سکتے اُن کے لیے یہ سہولت آن لائن موجود ہو ۔

صدر آزاد کشمیر نے یونیورسٹی کی انتظامیہ کی طرف سے بزنس انکیوبیٹر سنٹر قائم کرنے اور طلبہ اور انڈسٹری کے مابین روابطہ کار قائم کرنے کے لیے جاب فیئرز منعقد کرنے پر بھی مبارکباد اور اور اس توقع کا اظہار کیا کہ ہماری جامعات طلبہ کو اس انداز میں تعلیم دے گی کہ وہ آنے والے دنوں اور سالوں میں نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ علاقائی اور عالمی سطح پر مقابلے اور مسابقت کے لیے تیار ہوں ۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں آزادی اور خوشحالی کی زندگی بسر کر رہے ہیں لیکن ہماری ریاست کا دوسرا حصہ دشمن کے قبضہ میں جہاں ہمارے بھائیوں اور بہنوں پر ہر روز ایک نئی قیامت ڈھائی جاتی ہے ۔ ہمیں اپنی تعلیم اور خوشحال زندگی کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں کو ظلم و جبر سے آزادی دلانے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔

تقریب کے دوران صدر سردار مسعو د خان نے برطانیہ میں قائم سماجی تنظیم بی ٹی ایم گلوبل کے رضا کاروں سے بھی ملاقات کی اور کرونا وائرس کی حالیہ وبا کے دوران تنظیم کی سماجی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے تنظیم کی سربراہ سمیرہ فرخ کی انسانیت کی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بی ٹی ایم گلوبل نے مختصر عرصے میںنوجوان رضا کاروں کا ایک موثر نیٹ ورک بنایا ہے جو قابل تحسین اقدام ہے ۔

قبل ازیں صدر ریاست جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں نے یونیورسٹی کے سٹی کیمپس میں تختی کی نقاب کشاہی کر کے ایک 158 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی پانچ ہزار کنال رقبے پر سنٹر لائبریری ، اسٹوڈنٹس سروس سنٹر اور مسجد کی عمارات کا افتتاح کیا ۔ کیمپس کی مسجد میں پانچ سو سے زیادہ نمازیوں کی گنجائش ہے ۔ اس منصوبے کی مالی گرانٹ کی منظوری ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 2016 میں دی تھی جس کے بعد تین سال کی مدت میں اس منصوبے کو مکمل کیا گیا ۔

صدر سردار مسعود خان نے مسٹ یونیورسٹی کی طرف سے تیار کیے گئے الیکٹرانک پراسپیکٹس کا افتتاح بھی کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ سہولت آزاد کشمیر اور پاکستان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے طلبا کو مسٹ یونیورسٹی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے اور جامعہ میں مہیا کی جانے والی تعلیمی سہولیات اور شعبہ جات کے بارے میں آن لائن معلومات حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی ۔

قبل ازیں اپنے خطاب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مقصود احمد نے صدر ریاست سردار مسعود خان اور ہائر ایجوکیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فتح محمد مری اور دیگر مہمانان کا تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اس بلڈنگ میں تین ہزار طلباء کے لیے کتب بینی کی سہولت کے علاوہ دو بڑے ملٹی میڈیا سیکشن اور آڈیو ویڈو کی سہولت کے علاوہ ورکشاب روم ، آفیسز اورا سٹڈی رومز ہیں جبکہ سٹوڈنٹس سروس سنٹر میں طلباء و طالبات کے لیے کیفٹیریا کی سہولت کے علاوہ فیکلٹی ممبران کے لیے ایک علیحدہ کفٹیریا بھی موجود ہے ۔