کراچی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، فاروق ستار کا کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

سندھ حکومت اے ڈی بی کے قرض سے نالے صاف کررہی ہے، کراچی میں جمع ہونے والا ٹیکس کہاں ہی نالوں کی صفائی کے لیے قرضہ کیوں لیاجارہاہے،ڈاکٹرفاروق ستار

ہفتہ 4 جولائی 2020 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2020ء) ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اضافی بلنگ کا سلسلہ بند نہ ہونے پر کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیاہے۔ہفتہ کوکراچی پریس کلب کے باہر لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جس گھر کا بل تین ہزار روپے مہینہ آتا تھا وہاں 15 ہزار روپے کا بل بھیجا جارہا ہے، لوگوں کی آمدنی میں تو اضافہ نہیں ہوا مگر بجلی کے بلوں میں اضافہ کردیاگیاہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں دو روپے سے زائد کا اضافہ کردیا، حکومت اوراقتصادی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک کو خدا مان لیا ہے، حکومت کے الیکٹرک کے جرائم میں برابر کی شریک ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فاروق ستار نے اعلان کیا کہ اگر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اضافی بلنگ کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو آئندہ احتجاج کے الیکٹرک کے مرکزی دفتر کے باہر کریں گے۔

صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاکہ سندھ حکومت اے ڈی بی کے قرض سے نالے صاف کررہی ہے، کراچی میں جمع ہونے والا ٹیکس کہاں ہی نالوں کی صفائی کے لیے قرضہ کیوں لیاجارہاہے، ہمیں سہولت نہیں دی گئی تو کراچی بھی ٹیکس نہیں دیگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیںکہ میرے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے،ہم سڑکوں پر نکلے ہیں اب ہم بتا دیں گے کہ آپشن کون ہے۔