بجلی کے بلوں سے پریشان صارفین کیلئے اچھی خبر

لیسکو کی جانب سے لاکھوں کمرشل و صنعتی صارفین کو بلوں کی مد میں دو ارب ساٹھ کروڑ روپے کا ریلیف دیدیا گیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 7 جولائی 2020 22:01

بجلی کے بلوں سے پریشان صارفین کیلئے اچھی خبر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 جولائی2020ء) لیسکو کی جانب سے لاکھوں کمرشل و صنعتی صارفین کو بلوں کی مد میں دو ارب ساٹھ کروڑ روپے کا ریلیف دیدیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کمرشل و صنعتی صارفین کو ریلیف دیا گیا ہے۔ حکومت پاکستان کی ہدایت پر کمرشل صارفین کو ایک لاکھ روپے جبکہ صنعتی صارفین کو تین لاکھ روپے کے بلوں تک ریلیف دیا گیا ہے۔

لیسکو نے کمرشل و صنعتی صارفین کو گزشتہ سال کے یونٹس کے مطابق ریلیف دیا ہے جبکہ کورونا وائرس سے گھریلو صارفین کو صرف اقساط کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔دوسری جانب لیسکو کےچیف ایگزیکٹو آفیسر مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا ہے کہ لیسکو صارفین کو بجلی کی بلاتعطل اور محفوظ سپلائی کے لیے پرعزم ہے جبکہ ڈسٹری بیوشن سسٹم میں مزید بہتری لانا بھی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلے میں ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ مزید بہتر انداز میں کام کیا اور کاروباری برادری کے مسائل حل کیے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو جدت دینے کے لیے لیسکو کو سپورٹ کرے کیونکہ اس کے زیرانتظام شہروں میں بجلی کی طلب بڑھتی جارہی ہے، مستقبل قریب میں بجلی کی پیداوار کے چھوٹے بڑے منصوبوں کی تکمیل کے بعد قومی گرڈ سسٹم میں مزید بجلی کی آمد متوقع ہے جس کی ترسیل کے لیے بہترین ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم ضروری ہے۔

دوسری جانب آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کے لئے بجلی 14 فیصد مہنگی اور سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلانیہ میں بتایا گیا ہے کہ 300 یونٹ تک بجلی کی سبسڈی کم کر کے صرف 50یونٹ تک کر دی جائے گی جبکہ 5 کیٹگریز کے رعایتی نرخ محدودکرنے کافیصلہ کیا ہے۔