پی آئی اے کے جعلی لائسنس کے حامل 28 پائلٹس کو نوکری سے نکال دیا گیا

28 پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ثابت، 4 گھوسٹ پائلٹس کو بھی فارغ کردیا گیا، پائلٹس کے خلاف انکوائری مکمل ہونے تک ان کے لائسنس معطل رہیں گے: سی اے اے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 7 جولائی 2020 22:29

پی آئی اے کے جعلی لائسنس کے حامل 28 پائلٹس کو نوکری سے نکال دیا گیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-07 جولائی ۔2020ء) پی آئی اے کے جعلی لائسنس کے حامل 28 پائلٹس کو نوکری سے نکال دیا گیا، سی اے اے کے مطابق 28 پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوئی ہیں جبکہ 4 گھوسٹ پائلٹس کو بھی فارغ کردیا گیا ہے۔ سی اے اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائسنسنگ نے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پائلٹس کے خلاف انکوائری مکمل ہونے تک ان کے لائسنس معطل رہیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزارت ہوابازی نے 262 مشکوک پائلٹس کی فہرست جاری کی تھی، اس حوالے سے وفاقی وزیر غلام سرور خان کا قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ 148مشکوک لائسنس کی فہرست پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز ( پی آئی اے) کو بھجوادی گئی اور انہیں ہوابازی سے روک دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تھا کہ دیگر مشکوک لائسنس والے پائلٹس 100 سےزائد ہیں، ان کی تفصیلات بھی سول ایوی ایشن ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہے۔

غلام سرورخان کا کہنا تھاکہ پی آئی اے میں 28 پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ثابت ہوچکی ہیں، حالیہ دنوں میں 4 گھوسٹ پائلٹس فارغ کیے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے جعلی لائسنس کے حامل 28 پائلٹس کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے انکشاف وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پائلٹس کے معاملے پر رپورٹ پیش کی گئی تھی۔ پائلٹس کے تمام تر مشکوک لائسنس پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں جاری کیے گئے۔ پی آئی اے کے جعلی لائسنس والے 28 پائلٹس کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین کا رکن ممالک کو پاکستانی پائلٹس کو کام کرنے سے روکنے کا حکم دیدیا ہے، یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے یورپی یونین کے رکن ممالک کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 40 فیصد لائسنسز کے اجرا میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے اور ہوابازی میں ایسی صورتحال باعث تشویش ہےاس لیے پاکستان کی جانب سے جاری لائسنسز پر کام کرنیوالے پائلٹس معطل کردیں۔