عثمان بزدار سبکدوش نہیں ہوں گے، جب بھی ہوئے گرفتار ہی ہوں گے، سینئر صحافی کا دعویٰ

فرد جرم مرتب ہو رہی ہے، ایجنسیوں کے پاس اخبار نویسوں سے زیادہ اور مصدقہ معلومات ہیں: ہارون رشید

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 7 جولائی 2020 22:57

عثمان بزدار سبکدوش نہیں ہوں گے، جب بھی ہوئے گرفتار ہی ہوں گے، سینئر ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 جولائی 2020ء) عثمان بزدار سبکدوش نہیں ہوں گے، جب بھی ہوئے گرفتار ہی ہوں گے، سینئر صحافی ہارون رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار اپنے عہدے سے سبکدوش نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ''اہل پنجاب جتنا بھی زور لگا لیں۔ خواہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی اکثریت التجا کرتی رہے' عثمان بزدار سبکدوش نہیں ہوں گے۔

جب بھی ہوے' گرفتار ہی ہوں گے۔ فرد جرم مرتب ہو رہی ہے۔ ایجنسیوں کے پاس اخبار نویسوں سے زیادہ اور ظاہر ہےکہ مصدقہ معلومات ہیں۔''
اس سے قبل گزشتہ روز سینئر صحافی اور تجزیہ کار کامران خان نے بھی کہا تھا کہ میری سوچ کا انتہائی دن یہ ہے کہ عمران خان نے پنجاب کیلئے عثمان بزدار کی چوائس کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب کے بارے میں سوالات بھی اٹھتے ہیں، شکوک وشبہات بھی ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ مجھے بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار ہمارے پروگرام میں آنا چاہتے ہیں اور اپنی اچیومنٹس کاموں کو شیئر کرنا چاہتے ہیں۔ کامران خان نے کہا کہ میں نے کل اپنے سارے سٹاف کے ساتھ طے کیا کہ ان کا ساڑھے سات بجے انٹرویو ریکارڈ کیا جائے گا۔پہلے کہا گیا کہ آپ وزیر اعلیٰ سے فون پر ہی بات کرلیں، کیونکہ عثمان بزدار کو تھوڑی آسانی ہوگی۔

پھر کہا گیا کہ آپ انٹرویو کیلئے پہلے موضوعات بتا دیں۔ وزیراعلیٰ کی فرمائش پر ہم نے ان کو موضوعات بتا دیے، پھر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی فرمائش آئی کہ مجھے سوالات بھی اگر بتادیں تو بہتر ہوگا۔ہم نے سوالات تو ایسے نہیں بتاتے لیکن ہم نے ان کو سوالات بھی بتا دیے۔لیکن ساڑھے چھ بجے کے بعد بالکل خاموشی ہوگی اور ہمارے بڑی مشکل صورتحال پیدا ہوگئی۔کیونکہ ہم نے ایک گھنٹہ اس پروگرام کیلئے رکھا تھا۔ ہماری ٹیم بھی وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچ چکی تھی۔ہمیں اچانک پتا چلا کہ وزیراعلیٰ انٹرویو نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ وزیراعظم عمران خان کی پنجاب کے وزیراعلیٰ چوائس عجب ہے۔