کراچی، 3 دن کی بارش کے بعد دھوپ نکل آئی تاہم شہر کے بعض مقامات سے تاحال پانی کی نکاسی نہیں کی جا سکی

جمعرات 9 جولائی 2020 15:09

کراچی، 3 دن کی بارش کے بعد دھوپ نکل آئی تاہم شہر کے بعض مقامات سے تاحال ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) کراچی میں تین دن کی بارش کے بعد جمعرات کی صبح سویرے دھوپ نکل آئی، شہر کے بعض مقامات سے تاحال پانی کی نکاسی نہیں کی جا سکی ہے۔شہر قائد میں بارش کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع کبھی مکمل اور کبھی جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 26 سینٹی گریڈ اورزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں ہوائیں شمال مشرقی علاقوں سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

شہر میں بارش کا سلسلہ تو رک چکا ہے لیکن بارش کا پانی مختلف مقامات پر تاحال جمع ہے جس کی نکاسی کا انتظام تاحال شروع نہیں ہوا۔

کراچی میں مختلف مقامات، ڈی سی سینٹرل آفس، صدر اور نارتھ ناظم آباد میں بارش کا پانی جمع ہے جبکہ بارش کے بعد سے کچھ علاقوں کی بجلی بھی معطل ہے۔بفر زون میں ڈی سی سینٹرل آفس کے ساتھ متصل دونوں اطراف کی سڑکوں پر گھٹنوں پانی جمع ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری طرف شہر کے تجارتی مرکز صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے سامنے دونوں اطراف کی سڑکیں پانی سے بھری ہوئی ہیں۔

عام دنوں میں صبح کے وقت صدر میں شدید ٹریفک جام ہوتا ہے، اگر صدر سے پانی کی نکاسی نہیں کی گئی تو ٹریفک کے دبائو کا اثر اطراف کی سڑکوں پر بھی ہوگا۔بارش کے بعد حسبِ معمول مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، لیاقت آباد سی ون ایریا، ناگن چورنگی سیکٹر الیون ای، نیو کراچی سیکٹر الیون جے ایریا میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی۔