پاکستان حکومت نے کشمیر ہائی وے کا نام سرینگر ہائی وے رکھنے کا اعلان کردیا

ہماری نظر سری نگر پر ہے، کشمیر ہائی وے کا نام 5 اگست سے سرینگر ہائی وے رکھ رہے ہیں، یہ شاہراہ ہمیں سرینگر تک لے کر جائے گی، نہ کشمیری جھکیں گے اور نہ پاکستانی افواج پیچھے ہٹیں گی: شاہ محمود قریشی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 31 جولائی 2020 23:13

پاکستان حکومت نے کشمیر ہائی وے کا نام سرینگر ہائی وے رکھنے کا اعلان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 جولائی2020ء) پاکستان حکومت نے کشمیر ہائی وے کا نام سرینگر ہائی وے رکھنے کا اعلان کردیا، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری نظر سری نگر پر ہے، کشمیر ہائی وے کا نام 5 اگست سے سرینگر ہائی وے رکھ رہے ہیں، یہ شاہراہ ہمیں سرینگر تک لے کر جائے گی، نہ کشمیری جھکیں گے اور نہ پاکستانی افواج پیچھے ہٹیں گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کشمیریوں کی جدوجہد کا نیا موڑ ہے، بھارت نے جموں و کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کیا لیکن کشمیریوں نے یہ غیر اخلاقی عمل ذہنی طور پر تسلیم نہیں کیا، 5 اگست کو بھارتی اقدام کا ایک سال مکمل ہونے پر ہم نے ایکشن پلان مرتب کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا وزیر اعظم مظفرآباد میں 5 اگست کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے، ہماری منزل سرینگر ہے اور انشاءاللہ 5 اگست کو کشمیریوں کو پیغام دیا جائے گا، شائننگ انڈیا اب برننگ انڈیا میں تبدیل ہو چکا، 5 اگست کو پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی، عالمی لیڈرز کو خطوط لکھے جائیں گے، سوشل میڈیا پر مہم چلائیں گے، پوری دنیا میں پاکستانی سفارت کاروں سے درخواست ہے کہ ہائی کمیشن میں صرف تقاریر نہیں بلکہ مقامی میڈیا پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں، میں خود تمام مشنز اور سفارت کاروں کی کاوشوں کو مانیٹر کروں گا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری پاکستای قوم حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کے ساتھ جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم میں شعور اجاگر کرنا ہے کہ قائد اعظم کشمیر کو کیوں پاکستان کا شہہ رگ سمجھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعطم عمران نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں تنازعہ کشمیر کو نئی زندگی دی ہے۔

وزیراعظم کے خطاب کے بعد دنیا مسئلہ کشمیر کی طرف متوجہ ہوئی، عمران خان کے پر اثر خطاب کے بعد بھارتی مندوب چہرہ چھپاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ دھڑے بندیوں کے باوجود پوری قوم اور سیاسی جماعتیں کشمیر کے معاملے پر متحد ہے۔ پاکستانی سیاسی جماعتوں میںتفرقہ پیدا کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوئیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست کو پاکستان کا بچہ بچہ، بزرگ اور ہر شہری کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے باہر نکلے گا، ہم نئی نسل کو بھی مسلہ کشمیر سے آگاہ کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق دنیا بھر میں مسلہ کشمیر کو اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلہ کشمیر پر سفارتی کوششیں مزید تیز کر دی جائیں گی اس سلسلے میں بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز کو خصوص ہدایات جاری کر دی گئیں۔سفارتی مشنز کو کہا گیا کہ وہ لوکل تھنک ٹینک جائیں اور کشمیر سے متعلق پاکستان کے مؤقف اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو اجاگر کریں۔