لاہور سمیت ملک بھر میں عید الاضحی انتہائیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی،نماز عید کے اجتماعات میں ملک کی ترقی و خوشحالی، کشمیر کی آزادی کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں

چوہدری محمد سروراور وزیراعلیٰ پنجاب نے نماز عید گورنر ہاؤس لاہور میں ادا کی

ہفتہ 1 اگست 2020 16:05

لاہور سمیت ملک بھر میں عید الاضحی انتہائیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ..
لاہور۔یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2020ء) لاہور سمیت ملک بھر میں ہفتہ کے روزعید الاضحی انتہائیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔عید الاضحیٰ کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں عالمی وبا کورونا وائرس ایس او پیز کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مساجد اور عیدگاہوں میں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

نماز عید کے اجتماعات میں کشمیر کی آزادی، امت مسلمہ کی سلامتی، ملک کی ترقی و خوشحالی اور عالمی وبا کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں علمائے کرام نے سنت ابراہیمی کے فلسفے کو بیان کیا اور ایثاروقربانی کے حقیقی جذبے کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

نماز عید کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ کی یکجہتی، وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ نماز کے اجتماعات کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی گئی اور اور قربانی کایہ سلسلہ عید کے تیسرے روز تک جاری رہے گا۔کروناوائرس کے پیش نظر عیدگاہ اور مساجد میں ایس او پیز کا بھی خیال رکھا گیا۔

نماز عید کے اجتماعات کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی نفری بھی تعینات رہی۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گورنر ہاؤس لاہور میں نماز عید ادا کی جبکہ مختلف سیاسی رہنماؤں ،وفاقی و صوبائی وزراء ،ارکان اسمبلی سمیت اعلیٰ سرکاری افسران اور عدلیہ کے ججزنے اپنے اپنے علاقوں میں نماز عید ادا کی۔