وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات، پنجاب کے امور اور سیاسی صورتحال پر گفتگو

ہفتہ 1 اگست 2020 19:55

لاہور۔یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے درمیان ہفتہ کے روزگورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے عوام کو ہر شعبے میں ریلیف دینے کے عزم کا اظہار کیا۔گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات میں پنجاب کے امور اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آج پاکستان ہر شعبے میں کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عوام ایس او پیز پر عمل کریں۔

(جاری ہے)

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ عید خوشیوں بھرا تہوار ہے۔ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ ذاتی انا اور منافقت کو چھوڑ کر صرف ملک کا سوچنا ہے۔ ہماری حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔گورنر چودھری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانا حکومت کا مشن ہے۔ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے۔ حکومت کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے عوام سے عید سادگی کے ساتھ منانے کی اپیل کی۔