بھارت کشمیریوں پر ظلم کررہا، عمران خان کلبھوشن کو ریلیف دینا چاہتا ہے، شہباز، بلاول

شہباز شریف اور بلاول بھٹو میں ٹیلیفونک رابطہ، کشمیر کے معاملے پر حکومتی ناکامیوں پر بھی اظہار تشویش، کرپشن عروج پر پہنچ چکی، مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا۔ صدر ن لیگ اور چیئرمین پیپلزپارٹی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 3 اگست 2020 17:06

بھارت کشمیریوں پر ظلم کررہا، عمران خان کلبھوشن کو ریلیف دینا چاہتا ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست 2020ء) صدر ن لیگ اپوزیشن لیڈرشہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے صدر ن لیگ اپوزیشن لیڈرشہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیاہے، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کوعید کی مبارکباد پیش کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے کشمیر کے معاملے پر حکومتی ناکامیوں پر بھی اظہار تشویش کیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے جبکہ عمران خان بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو ریلیف پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں اتنی کرپشن نہیں ہوئی جتنی موجودہ حکومت کے دور میں ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے کہا کہ کورونا وائرس کے اعدادوشمار کو چھپا کر عوام کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے۔

اسی طرح مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ اپوزیشن ان حالات میں عوام کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے۔ لہذا عمران خان کی نااہلیت سے ملک کوبچانے کیلئے اپوزیشن کا کردار ناگزیر ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں تاریخی فیصلے کیے جائیں گے، یہ فیصلے مستقبل کی سیاست پر زبردست اثرات مرتب کریں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی گفتگو سے اپوزیشن لیڈر اور صدر ن لیگ شہباز شریف نے بھی اتفاق کیا۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے یوم اسحصال 5 اگست کو ڈاک ٹکٹ کے اجراء کا اعلان کردیا، وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ یوم استحصال پر ڈاک ٹکٹ سے دنیا میں مضبوط پیغام جائے گا، دنیا کو بتایا جائے گا کشمیری تنہاء نہیں، خصوصی ڈاک ٹکٹ اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔ اسی طرح وفاقی دارالحکومت کے کشمیرہائی کا نام تبدیل کردیا گیا ہے۔ کشمیرہائی وے کا نام سری نگرہائی وے رکھ دیا گیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کشمیرہائی وے کا نام سرینگر ہائی وے رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تمام ڈائریکشن بورڈز پر بھی کشمیر ہائی وے کا نام تبدیل کردیا گیا ہے۔ ڈھوکری چوک، فیض آباد، زیروپوائنٹ ، گولڑہ موڑ اور ایکسپریس وے پر نئے نام کے بورڈز آویزاں کردیے گئے ہیں۔سری نگر ہائی وے کا باقاعدہ افتتاح 5 اگست کو کیا جائے گا۔