انسانیت اور مذہب کا رشتہ امن اور سلامتی کی بات کرتا ہے،

بنیادی انسانی حقوق سب کے برابر ہیں، پاکستان کشمیر کے معاملے پر اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب

بدھ 5 اگست 2020 19:48

انسانیت اور مذہب کا رشتہ امن اور سلامتی کی بات کرتا ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ انسانیت اور مذہب کا رشتہ امن اور سلامتی کی بات کرتا ہے۔ بنیادی انسانی حقوق سب کے برابر ہیں۔ پاکستان کشمیر کے معاملے پر اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ وہ بدھ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ دلوں کو جوڑنے کا کام ایک نیکی کا کام ہے۔انتظامیہ نے بین المذاہب کانفرنس کا اہتمام کرکے نیکی کمائی ہے، انسانیت اور مذہب کا جو رشتہ ہے وہ امن اور سلامتی کی بات کرتا ہے انسان کے دل اور دلداری کی بات اور امن کی بات اسلام نے کی ہے۔ نور الحق قادری نے کہا کہ معیشت کی بہتری اور امن کا پیغام ہی سلامتی ہے۔

(جاری ہے)

تمام مذاہب نے امن اور سلامتی کی بات کی ہے۔

مذاہب کبھی بھی لڑانے کی بات نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ جب یروشلم فتح ہوا تو یہودیوں کے لئے ایک جیسے حقوق رکھے گئے۔ بنیادی حقوقی سب کے برابر ہیں۔ پاکستان کا آئین بھی اقلیتوں کے حقوق کی بات کرتا ہے۔آج پاکستانی قوم کشمیر کے ساتھ یکجہتی منا رہی ہے۔ مودی نے کشمیر کو اندھا کنواں بنایا ہوا ہے۔ کشمیر سے نہ کوئی آواز آ سکتی نا جا سکتی ہے۔ ایک سال سے مودی سرکار کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔ آج کے دن کے بعد نیا نقشہ پوری دنیا میں شائع ہو گا۔ پاکستان کی قیادت کشمیر کے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔