یوم استحصال ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے، ناصر حسین شاہ

بھارت کا کشمیر پر جبری تسلط اب زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتا،وزیراطلاعات سندھ

بدھ اگست 19:55

یوم استحصال ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے، ناصر حسین شاہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2020ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بھارت کا کشمیر پر جبری تسلط اب زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتا، ملک کی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ناصر حسین شاہ نے ساحل سمندر کراچی پر منعقد کردہ یکجہتی کشمیر ریلی میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔

ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں بچہ بچہ آج بھارت کے ظلم کے خلاف سراپا احتجاج ہے، عنقریب بھارت دنیا کے نقشے سے مٹ جائے گا۔ صوبائی وزیر کے مطابق آج کا یہ یوم استحصال اس بات کی دلیل ہے کہ ظالم ہندوستانی افواج کے سامنے مظلوم کشمیری سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے اور سری نگر تا کنیا کماری پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ یوم استحصال پر پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ ہے۔

ناصر شاہ کے مطابق اکھنڈ بھارت کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا اورملک کا بچہ بچہ بھارتی ظلم کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ناصر حسین شاہ نے عزم ظاہر کیا کہ مقبوضہ کشمیر جلد پاکستان کا حصہ ہوگا اور ملک کے عوام اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ناصر شاہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ماتھے پر اس کی شکست لکھ دی ہے اور عالمی سطح پر بھارت تنہائی کا شکار ہوچکا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب سری نگر میں پاکستانی پرچم لہرائے گا۔ناصر حسین شاہ نے پاکستانی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سرحدوں کی محافظ فوج نے ہمیشہ دشمن کو شکست فاش سے دوچار کیا ہے اور انشاللہ فتح ہمیشہ پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کے قدم چومے گی.