Live Updates

وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن کے ہاتھوں زچ نہیں ہونگے، اپنے 5 سال پورے کرینگے‘

اپوزیشن کی سیاست وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے، مریم نواز نے پہلے نواز شریف کو اس نہج تک پہنچایا اب وہ شہباز شریف کے ساتھ بھی وہی کرنا چاہتی ہیں،، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 15 اگست 2020 15:31

وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن کے ہاتھوں زچ نہیں ہونگے، اپنے 5 سال پورے ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن کے ہاتھوں زچ نہیں ہوں گے اور اپنے 5 سال پورے کریں گے، اپوزیشن کی سیاست وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے، مریم نواز نے پہلے نواز شریف کو اس نہج تک پہنچایا ہو اور اب وہ شہباز شریف کے ساتھ بھی وہی کرناچاہتی ہیں، اپوزیشن اے پی سی کی تاریخ دینے کی طرف نہیں جارہی لیکن مولانا فضل الرحمن کے لئے یہی پیغام ہے ’جاگتے رہنا کہیں دوبارہ استعمال نہ ہو جانا‘ تاہم اپوزیشن ایک بار پھر پچھتائے گی، ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان میں کوئی دراڑ نہیں، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کل سعودی عرب جارہے ہیں، وہاں سے اچھی خبریں آئیں گی اور تھوڑی بہت غلط فہمیاںہیںوہ دور ہو جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا آزمودہ‘ حقیقی اور دل کے قریب دوست ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہیں نہیںجارہے جب تک عمران خان ان کے ساتھ ہیں وہ کہیں نہیں جارہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز نے پتھرائو والا جلوس نکالا جس میں انہوں نے پاکستان بھر سے لوگ بلائے اور جتنے پتھر نیب پر برسائے اس کے جواب میں نیب ان پر کیا پھولوں کی پتیاں نچھاور کریگا، نیب میں انہوں نے اپنے اوپر الزامات کا کوئی نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ این آر او یا کیسز سے نجات چاہئے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ نیب کو ختم کر دیا جائے جس کا مطلب یہی ہے کہ کیسز ختم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اسمبلیاں کبھی نہیں چھوڑے گی، انہیں پروٹوکول انہی اسمبلیوں کی وجہ سے مل رہا ہے۔ شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران اور آرمی چیف ایک پیج پر ہیں جہاں ضرورت پڑتی ہے ایک دوسرے کو مشورہ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال بجلی سستی ہو گی، آئی پی پیز میں اتنا کام ہو گا کہ اپوزیشن کو سانپ سونگھ جائے گا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے جس سے ریلوے میں انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 3 مراحل میں مکمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب اوپر جارہا ہے جس کا ثبوت سٹاک ایکسچینج میں بہتری ایم ایل ون منصوبہ‘ ٹیکسٹائل انڈسٹری چلنا، ایکسپورٹ میں اضافہ ا و ردیا میر بھاشا ڈیم سمیت دیگر منصوبے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم خان کے کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے سمارٹ لاک ڈائون کے ویژن کو دنیا نے مثالی قرار دیا، آج سب سے بہتر صورتحال پاکستان کی ہے، بھارت میں روز ایک ہزار لوگ لقمہ اجل بن رہے ہیں اور 60 ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 17 اگست سے مزید 10 ٹرینیں چلانے جائیںگی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات