ْجامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے ’’اقوا ایکسیلنس‘‘ کے نام سے صاف پانی کا پلانٹ کا افتتاح

جمعہ 21 اگست 2020 06:04

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2020ء) جامعہ سندھ جامشورو کے نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس ان اینالیٹیکل کیمسٹری کی جانب سے ورلڈ ہیلتھ آرگنائیزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے معیار کے مطابق ’’اقوا ایکسیلنس‘‘ کے نام سے صاف پانی کا پلانٹ قائم کیا گیا ہے اس سلسلے میں ایس او پیز کے تحت افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میںشیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے مہمان خصوصی کی حیثیت میں شریک ہوکر پلانٹ کا افتتاح کیا اس موقع پر سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شہاب الدین میمن اور پلانٹ کے انچارج ڈاکٹر ایاز علی میمن نے وائس چانسلر کو پلانٹ کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ عالمی ادارئہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب صاف پانی کے جو معیار مقرر کیے گئے ہیں، یہ پلانٹ اسی معیار کے مطابق پانی صاف کرنے کی صلاحیت رکھتاہے، جس کی لیبارٹریز میںٹیسٹوں کے ذریعے تصدیق کی گئی ہے انہوں نے وائس چانسلر کو بتایا کہ اس پلانٹ کے قیام میں سینٹر کے المنائیز کا بھرپور تعاون شامل ہے اور یہ پلانٹ صبح سے شام تک کھلا رہے گا، جس سے جامعہ کے تمام شعبوں کے اساتذہ، افسران، ملازمین سمیت ہزاروں طلباء مفت فائدہ حاصل کر سکیں گے اس موقع پر ڈاکٹر شہاب الدین میمن نے وائس چانسلر کے تعاون، رہنمائی و ہمت افزائی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر کا تعاون ان کے لیے ہمیشہ حوصلہ افزائی کا باعث رہا ہے، یہ تمام کامیابیاں اسی تعاون کا ہی نتیجہ ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر نے اعلیٰ معیار کے فلٹر پلانٹ کے قیام کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحتمند زندگی کے لیے صاف پانی بیحد ضروری ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں اکثر امراض آلودہ پانی کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں۔ ان کی روز اول سے یہی کوشش رہی ہے کہ جامعہ میں پینے میںاستعمال ہونے والے پانی کے صاف ہونے کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میںہرممکن اقدامات لیے اور انتظامات کیے گئے ہیںانہوں نے کہا کہ اقوا ایکسیلنس فلٹر پلانٹ میں پانی صاف کرنے کی بہت گنجائش موجود ہے۔

انشاء اللہ جامعہ کھلنے کے بعد تمام شعبوں کے ساتھ ہاسٹلز میں مقیم طلباء بھی اعلیٰ معیار کے اس صاف پانی سے بھرپور فائدہ حاصل کریں گے وائس چانسلر نے کہا کہ اس قسم کے مزید فلٹر پلانٹس قائم کرنے کیلئے ان کی کوششیں جاری ہیں اور بہت جلد ان کا قیام عمل میں لایا جائے گا وائس چانسلر نے سینٹر کے ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سینٹر میں انتہائی قابل سائنسدان اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، جنہوں نے ملکی و عالمی سطح پر اپنی قابلیت کے ذریعے خود کو منوا کر ایوارڈز حاصل کیے ہیں،یہ سائنسدان اس جامعہ کا فخر ہیں انہوں نے کہا حال ہی میں سینیٹائزر تیار کرنے کے بعد اب یہ فلٹر پلانٹ قائم کرنا مثالی کارنامے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ کے ان سائنسدانوں کی مدد سے کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کا کام بھی جاری ہے اور بہت جلد یہ لیبارٹری قائم ہو جائے گی وائس چانسلر نے اس موقع پرسینٹر کے پروفیسر اے ڈبلیو کے خانزادہ لیبارٹریز کا دورہ بھی کیا اور آئی سی پی، او ای ایس سمیت کیمیائی اجزاء کا تجزیہ کرنے والی مختلف جدید مشینوں پر ہونے والی مختلف ٹیسٹوں کا جائزہ لیا اور انتظامات کو سراہا اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالرسول عباسی، ڈائریکٹر پاکستان اسٹڈی سینٹر ڈاکٹر شجاع احمد مہیسر، سینٹر کے اساتذہ ڈاکٹر تسلیم جی قاضی، ڈاکٹر نجمہ میمن، ڈاکٹر حسن عمران آفریدی، ڈاکٹر امبر ریحانہ سولنگی اور ڈاکٹر جمیل احمد بھی موجود تھے۔