محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی کی آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں ترقی

انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ اور نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے

بدھ 2 ستمبر 2020 15:48

محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی کی آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں ترقی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر2020ء) انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ اور نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر رہنے کے سبب انگلینڈ اور پاکستان کی عالمی رینکنگ میں بالترتیب دوسری اور چوتھی پوزیشن بھی برقرار ہے۔

عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا 278 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ 268 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 266 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان261 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
سیریز کے آخری دو میچوں میں 69 اور 86 ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز کی بدولت مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بیٹسمین محمد حفیظ 27درجے ترقی پاکر ٹی ٹونٹی کرکٹ رینکنگ کے ٹاپ 50 بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ حالیہ رینکنگ میں محمد حفیظ 44ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اس ترقی کے بعد وہ بابراعظم اور فخر زمان کے بعد عالمی رینکنگ کی فہرست میں پاکستان کے تیسرے بہترین بیٹسمین بن گئے ہیں۔
سیریز میں 56 اور 21 رنز کی اننگز کھیلنے والے بابراعظم بدستور ٹی ٹونٹی کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست بیٹسمین ہیں تاہم انہیں دس پوائنٹس کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

حالیہ رینکنگ میں 869 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان بابراعظم ایک روزہ کرکٹ رینکنگ میں تیسرے اور ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں بہترین بیٹسمین ہونے کے سبب اب بھی دنیا کے وہ واحد بیٹسمین ہیں جو تینوں طرز کی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 5 بلے بازوں میں شامل ہیں۔
اب بھی بابراعظم اورٹی ٹونٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجودبھارت کے لوکیس راہول میں45 پوائنٹس کا فرق ہے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ820 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔


سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 36 اور تیسرے میں ایک رنز بناکر آؤٹ ہونے والے اوپنر فخر زمان عالمی رینکنگ میں 2 درجہ تنزلی کے بعد 23ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ شعیب ملک اور افتخار احمدنے بھی تنزلی کے بعد بالترتیب 49ویں اور 94ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ اپنے ڈیبیو میں نصف سنچری اسکور کرنے والے حیدر علی آئی سی سی کے 104 رکن ممالک کے کھلاڑیوں میں 747ویں نمبر پر آگئے ہیں۔


کرکٹ کے سب سے محدود فارمیٹ میں باؤلنگ رینکنگ کی بات کی جائے تو شاہین شاہ آفریدی نے اپنے کیرئیر کی بہترین رینکنگ حاصل کرلی ہے۔ بائیں ہاتھ کے باؤلر 14 درجہ ترقی پاکر اب رینکنگ میں 20ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ ان کے ہمراہ انگلینڈ کے ٹام کرن اور بھارت کے واشنگٹن سندر بھی بیسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
سیریز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے شاداب خان ایک درجہ ترقی پاکر اب رینکنگ میں آٹھویں بہترین باؤلر بن گئے ہیں۔

عالمی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر موجود ہم وطن عماد وسیم اور شاداب خان کے درمیان اب صرف 14 پوائنٹس کا فاصلہ رہ گیا ہے۔
محمد عامر آٹھ درجہ تنزلی کے بعد 40ویں جبکہ وہاب ریاض 18 درجہ ترقی کے ساتھ107ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے، مجیب الرحمٰن دوسرے اور آسٹریلیا کے آشٹن آگار اورایڈم زمپا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔