پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شروع ہوگا‘ ایف اے ٹی ایف سمیت اہم بلز پیش کیے جائیں گے

وزیراعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس بھی طلب کررکھا ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 16 ستمبر 2020 12:22

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شروع ہوگا‘ ایف اے ٹی ایف سمیت اہم بلز پیش ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 ستمبر ۔2020ء) صدر مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج طلب کر لیا ہے جس میں ایف اے ٹی ایف سمیت اہم بلز پیش کیے جائیں گے. تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہو گا صدر مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 کی شق 1 کے تحت طلب کیا ہے.

اجلاس میں صدر، وزیر اعظم کی تنخواہوں اور مراعات کے دو ترمیمی بل بھی پیش کیے جائیں گے مشترکہ اجلاس میں ایف اے ٹی ایف سے متعلق اہم قانون سازی بھی ہو گی.

(جاری ہے)

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس بھی ہو گا جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے گزشتہ ماہ ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ موجودہ حکومت سے جلد جان چھڑائی جائے.

انہوںنے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ آدھی رات تک ہمیں پتہ ہی نہیں تھا صدرمملکت آج خطاب کریں گے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت کے خطاب پر واک آﺅٹ کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے استفسار کیا کہ مشترکہ اجلاس ایمرجنسی میں بلانے کی کیا وجہ ہے؟پی پی رہنما راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کی تقریر میں سب اچھا بتایا جا رہا ہے انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے کئی ارکان کو نہیں بتایا گیا.

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ نے خواتین اور بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سر عام پھانسی دینے کے نقطہ نظر کی حمایت کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا تھا کہ حکومت مغرب کے کسی دباﺅ کو برداشت نہیں کرے گی‘کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزریر اطلاعات شبلی فراز نے موٹروے ریپ واقعے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ اگر اسلام زانی کو سر عام سزا دینے کا حکم دیتا ہے تو ضرور اس میں کوئی حکمت ہوگی.

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نبی کریمﷺ کی سنت اور اسلامی قوانین پر پختہ یقین رکھتے ہیں وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ حکومت بین الاقوامی برادری کا کوئی دباﺅ برداشت نہیں کرے گی اور زانی کی سرعام پھانسی اور عادی جنسی مجرموں کی کیمیائی اور جسمانی نامردی کے لیے قانون سازی کرے گی، ہم مغرب، مشرق، شمال، جنوب سے کوئی دباﺅ برداشت نہیں کریں گے.

اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر بات کی گئی تھی وفاقی کابینہ نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد 25 لاکھ بچوں کے تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا. اس کے علاوہ کابینہ نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کو منظور کرلیا جس کے تحت منتخب اراکین انتخابات کے 60 روز کے اندر حلف اٹھانے کے پابند ہوں گے‘دوسری جانب کابینہ نے مزید 22 پائلٹوں کے لائسنس منسوخ کرنے کی منظوری دی تھی، اس کے علاوہ سول ایوی ایشن کی جانب سے 32 پائلٹوں کے لائسنس آئندہ 12 ماہ کیلئے معطل کرنے کی ہدایت کی تھی.

وفاقی کابینہ نے دوہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینے اور منتخب ارکان کو60 روز کے اندر حلف اٹھانے کا پابندبنانے اورسینیٹ الیکشن میں خفیہ رائے شماری ختم کرنے کے لیے آئینی ترامیم کی منظوری دی تھی جنہیں آج منظوری کے لیے پارلیمان میں پیش کیا جائے گا‘ کابینہ نے اینٹی ملیریا ڈرگ اور حفاظتی لباس کی برآمدات اور ہپیٹائٹس، انفلوئنزا، کینسر وغیرہ جیسے مرض کی ادویات سمیت 250 ادویات کی ریٹیل پرائس کی بھی منظوری دی تھی.