چیئرمین سینیٹ نے نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز دینے کا معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا

بدھ 16 ستمبر 2020 15:33

چیئرمین سینیٹ نے نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2020ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 6 ستمبر کو مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز دینے کا معاملہ سینیٹ کی متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ 6 ستمبر کو جاوید آفریدی اور مہوش حیات سمیت کئی شخصیات کو ایوارڈز دیئے گئے ہیں، جاوید آفریدی پشاور زلمی کے مالک ہیں، بتایا جائے کہ ان کو ایوارڈز کس بنیاد پر دیئے گئے ہیں، اگر کرکٹ میں خدمات کی بناء پر جاوید آفریدی کو تمغہ دیا گیا ہے تو لاہور قلندر کے مالک کو کیوں نہیں دیا گیا۔

چیئرمین نے یہ معاملہ کمیٹی کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ کمیٹی اس پر اپنی رپورٹ پیش کرے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو ترس گیا تھا، اگر اس سلسلے میں کس نے خدمات سر انجام دی ہیں تو انہیں ایوارڈ ملنے میں کوئی مضائقہ نہیں، اٹھارویں ترمیم کے لئے خدمات سر انجام دینے پر بھی ایوارڈز دیئے گئے تھے، یہ معاملہ کمیٹی میں جانا خوش آئند ہے۔

سینیٹر ایوب نے کہا کہ جاوید آفریدی کی کمپنی ہایئر 22 ارب روپے ٹیکس دیتی ہے، ان کی کمپنیوں میں ہزراوں لوگ کام کرتے ہیں، جاوید آفریدی کو کرکٹ کی وجہ سے نہیں ٹیکس کی ادائیگی کی وجہ سے اور بزنس میں خدمات کی وجہ سے تمغہ امتیاز ملا ہے، ہماری حکومت میرٹ پر کام کرتی ہے، رشتہ داری کی وجہ سے ایوارڈز نہیں دیئے جاتے۔ چیئرمین نے کہا کہ یہ معاملہ کمیٹی کو بھیجا جا چکا ہے، وہاں ارکان اس معاملے پر بات کر سکتے ہیں۔