پولیو کا مکمل خاتمہ ہی ہمارا اصل ہدف ہونا چاہیئے ،ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا

بدھ 16 ستمبر 2020 18:19

منڈی بہاؤالدین۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2020ء) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہی ہمارا اصل ہدف ہونا چاہیئے محض بچوں کی مقرر کردہ تعداد کی ویکسی نیشن کر کے کام کومکمل نہیں سمجھنا چاہیئے،انسداد پولیو مہم میں عوامی آگاہی کیلئے علمائے کرام اور میڈیا کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ان کی خدمات سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق ضلع میں پولیو کے خلاف قومی مہم کو جذبہ حب الوطنی کے تحت مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کیلئے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اس خطرناک اور موذی مرض سے محفوظ رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے آ ج یہاں ڈی سی آفس میں ای پی آئی ویکسی نیشن اور انسداد پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر افتخار احمد،ڈی ڈی ایچ اوز ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر خالد عباسی، تینوں تحصیلوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس،رافعہ ناہید، ڈاکٹر صدف،پرسنل اسسٹنٹ ٹو سی ای او ہیلتھ ارسلان افتخار کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

سی ای او ہیلتھ نے اجلاس کو بتایا کہ 21سے 25ستمبر تک جاری رہنے والی پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 276196بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔انہوںنے بتایا کہ اس مہم میں محکمہ صحت کی 69فکسڈ، 614موبائل ٹیمیں، 36ٹرانزٹ، 67یو سی ایم اوز، 138ایریا انچارجز جبکہ 1574پولیو ورکرز حصہ لیں گے۔ بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے ہدایت کی کہ گھروں جھونپڑیوں، سکولوں، لاری اڈوں، ریلوے اسٹیشن، بھٹہ جات، ڈیرہ جات اور عوامی مقامات پر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو قطرے پلانے سے محروم نہیں ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع منڈی بہائوالدین میں ای پی آئی مہم کے تحت پیدائش کے وقت سے لے کر 15ماہ تک کی عمر کے بچوں کو مختلف وقفوں کے دوران پیدائش کے وقت ، 6ہفتے ،10ہفتے ،14ہفتے،9ماہ اور 15ماہ تک کے دوران بچوں کو 6دفعہ ویکسین دینے کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت ان ٹیکہ جات کے لگانے سے بچے تپ دق،پولیو، خناق، نمونیہ، کالی کھانسی،کالا یرقان، گردن توڑ بخار، اسہال، تشنج اور خسرہ جیسی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے اور ای پی آئی ویکسی نیشن کی کامیابی کیلئے پوری محنت اور لگن کے ساتھ کام کیا جائے اور کسی بھی جگہ سے کوئی انکار سامنے نہیں آنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ویکسی نیشن ٹیمیں پولیو اور ای پی آئی کے دوران کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے ماسک پہنیں گی اور سینی ٹائزر لگائیں گی۔ انہوں نے محکمہ صحت اور متعلقہ اے سیز صاحبان کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی کی از خود مانیٹرنگ کریں۔