پاکستان میں کورونا ویکسین کے تجربات رواں ہفتے سے شروع کئے جائیں گے، ڈاکٹر عطاء الرحمان

اتوار 20 ستمبر 2020 21:25

پاکستان میں کورونا ویکسین کے تجربات رواں ہفتے سے شروع کئے جائیں گے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2020ء) چیئرمین سائنس وٹیکنالوجی ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کی ویکسین کے تجربات اس ہفتے سے پاکستان میں شروع کئے جائیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی یہ ویکسین اچھی شہرت کی حامل ایک بین الاقوامی کمپنی نے تیار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی میں قائم کیمیائی اور حیاتیاتی سائنس کے بین الاقوامی مرکز نے ویکسین کے طبی تجربات کرنے کی منظوری دی ہے۔

ڈاکٹر عطا الرحمن کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں طبی تجربات تقریباً تین ماہ میں مکمل ہوں گے اور اس کا دوسرا مرحلہ پہلے ہی چین میں مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ یسرا مرحلہ پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تمام تجربات کی کامیاب تکمیل کے بعد کورونا وائرس کی روک تھام کی ویکسین اگلے سال اپریل اور جون کے مہینوں کے دوران ملک میں دستیاب ہوگی۔

 دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 640 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے اور 1 مریض ہسپتال میں جاں بحق ہوا۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 34 ہزار 544 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 14 ہزار 502، پنجاب میں 12 ہزار 23، خیبرپختونخوا میں 2 ہزار 640، اسلام آباد میں 3 ہزار 210, بلوچستان میں1 ہزار 320،گلگت بلتستان میں 382، آزاد کشمیر میں 467 ٹیسٹ شامل ہیں۔

اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 303 ہو چکی ہے۔آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹرز پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کوروناکووڈ۔19 کے لیے مختص 1 ہزار 912 وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔19 کے 106 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 6 ہزار 952 ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 671 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 2 ہزار 517، بلوچستان میں 14 ہزار 269، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 450، اسلام آباد میں 16 ہزار 124, خیبر پختونخوا میں 37 ہزار 317، پنجاب میں 98 ہزار 368 اور سندھ میں 1 لاکھ 33 ہزار 626 مریض ہیں۔

ملک بھر میں کووڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 416 ہے جن میں سے سندھ میں 2 ہزار 459، پنجاب میں 2 ہزار 226 اموات،خیبر پختونخوا میں 1 ہزار 258،اسلام آباد میں کل 180 اموات،بلوچستان میں 145، گلگت بلتستان میں 81 اموات ہوئیں، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 67 اموات ہو چکی ہیں جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک مریض ہسپتال میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا۔ اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 کے 31 لاکھ 60 ہزار 924 ٹیسٹ کیے گئے۔ملک بھر میں کووڈ۔19 کے علاج کیلئے مختص 735 ہسپتالوں میں 837 مریض زیر علاج ہیں۔