شدید ترین سرد موسم میں دفاع وطن کی خاطرکنٹرول لائن پر تعینات پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں، وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر

جمعرات 24 ستمبر 2020 13:58

شدید ترین سرد موسم میں دفاع وطن کی خاطرکنٹرول لائن پر تعینات پاک فوج ..
وادی نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ شدید ترین سرد موسم میں کنٹرول لائن پر دفاع وطن کی خاطر موجود پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں۔جمعرات کو ایوان وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق دورہ کنٹرول لائن مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شدید ترین موسمی شدت کے باوجود کنٹرول لائن پر ہمارے دفاع کے لیے موجود پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

بزدل مودی یہ سمجھتا ہے کہ کنٹرول لائن پر نہتے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر انہیں بھارت کے غیر قانونی تسلط میں جموں و کشمیر کی جدوجہد سے دور کرے گا، آزادکشمیر بالخصوص نیلم ویلی کے عوام دفاع وطن کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر میں کنٹرول لائن پر 5 کلومیٹر کے علاقے میں 6 لاکھ افراد آباد ہیں۔کنٹرول لائن پر دلیری سے ہندوستانی جارحیت کے سامنے سینہ سپر عوام کو سلام پیش کرنے آیا ہوں۔راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت اور تمام وسائل ان لوگوں کے لیے حاضر ہیں۔ مودی نے جارحیت کی تو کنٹرول لائن پر ہندوستانی فوج کا قبرستان بنے گا۔