علما ،مذہبی جماعتوں نے ہمیشہ اعتدال کی راہ پر چل کر لوگوں کو اسلامی شعار اختیار کرنے کی تلقین کی ،سردار مسعود خان

یہ علماء کی اعتدال پسندی کا نتیجہ ہے ریاست میں مثالی مسلکی ہم آہنگی ہے جس پر ہمیں بجا طور پر فخر ہے،صدر آزاد جموں و کشمیر

جمعرات 1 اکتوبر 2020 16:01

علما ،مذہبی جماعتوں نے ہمیشہ اعتدال کی راہ پر چل کر لوگوں کو اسلامی ..
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2020ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے علما اور مذہبی جماعتوں نے ہمیشہ اعتدال کی راہ پر چلتے ہوئے لوگوں کو اسلامی شعار اختیار کرنے کی تلقین کی اور دین کی ترویج و اشاعت میں اپنا کردار ادا کیا اور یہ علماء کی اعتدال پسندی کا نتیجہ ہے کہ ریاست میں مثالی مسلکی ہم آہنگی ہے جس پر ہمیں بجا طور پر فخر ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعیت اہلحدیث کے سیکرٹری جنرل اور جواں سال مذہبی رہنما دانیال شہاب مدنی سے ایوان صدر مظفرآباد میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا نبی رحمت حضرت محمد مصطفی ؐکی حیات طیبہ اور سیرت و حدیث کی صورت میں ان کی تعلیمات اور اسوہ مسلمانوں اور پوری انسانیت کے لیے ایک بہترین نمونہ ہے جس کی موجودگی میں ہمیں رہنمائی کے لیے کسی اور کی طرف دیکھنے کی ہر گز ضرورت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ حضور نبی اکرم ؐ کی شخصیت کا ایک معجزہ ہے کہ آج ہر رنگ، نسل اور زبان بولنے والے دوارب انسان ایک زنجیر کی شکل میں امت بن کر دنیا کو جوڑے ہوئے ہیں۔ صدر سردار مسعود خان نے امت مسلمہ کو ایک بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کی قوت کو نظر انداز نہیں کر سکتی لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان خود اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو قائم کر کے نہ صرف اس طاقت کو برقرار رکھیں بلکہ اپنی تمام کمزوریوں کو دور کر کے اس میں اضافہ کرنے پر توجہ دیں۔

اس سلسلے میں سب سے اہم کردار علمائے کرام کا ہے جو نہ صرف بین المسالک ہم آہنگی برقرار رکھیں بلکہ عام مسلمانوں کو بھی اتحاد و اتفاق کی راہ پر چلنے کی تلقین کریں۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام محراب و منبر سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم سے دنیا کو آگاہ کریں اور اپنے پیروکاروں کو بھی یہ بتائیں کہ وہ آزاد ہیں جبکہ ہمارے وہ بھائی اور بہنیں جو محاصرے میں ہیں اور غیر ملکی فوج کی سنگینوں کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں ان کو ظلم سے نجات دلانا اور ان کی آزادی کو ممکن بنانا ان کی دینی اور قومی ذمہ داری ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے علما پر زور دیا کہ وہ بھارت کے مسلمانوں کی بالعموم مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی بالخصوص مدد کو اپنا بنیادی فریضہ سمجھ کر ادا کریں کیونکہ وہ ہمارے جسم و جان کا حصہ ہیں۔ صدر سردار مسعود خان جمعیت اہلحدیث کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت نے پاکستان میں علامہ ساجد میر اور آزاد کشمیر میں مولانا صدیق بالا کوٹی اور دانیال شہاب کی قیادت میں ہمیشہ کشادہ دلی، مسلکی ہم آہنگی اور مختلف مکاتب فکر کو باہم جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا جس پر ہم جمعیت کی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جمعیت اہلحدیث کے رہنما دانیال شہاب نے کہا کہ فرقہ واریت کا خاتمہ، تمام مکاتب فکر کے علما کا احترام اور قرآن و حدیث کی حقیقی تعلیمات کی ترویج و اشاعت ان کی جماعت کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء سے اپیل کی کہ وہ مسلمانوں کی تاریخ کی اس نازک گھڑی میں ایک دوسرے سے کٹنے کے بجائے ایک دوسرے سے جڑنے اور اسوہ رسول اور تعلیمات قرآنی کی روشنی میں باہمی اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں تاکہ مسلمانوں کی اجتماعی طاقت کو حق اور خیر کیلئے استعمال کیا جا سکے۔

آزاد کشمیر میں فرقہ وارانہ اور بین المسالک ہم آہنگی کو قائم رکھنے اور تمام مکاتب فکر کے علماء سے بلاامتیاز روابط استوار کرنے پر صدر آزاد کشمیر کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے مولانا دانیال شہاب مدنی نے اس توقع کا اظہار کیا کہ صدر ریاست آئندہ بھی اپنا یہ کردار جاری رکھیں گے۔