موسم سرما کے لیے سکولوں کے نئے اوقات کار جاری

گرلز اسکول ساڑھے آٹھ بجے لگے گا جب کہ چھٹی اڑھائی بجے ہوگی، بوائز سکول 9 بجے لگے گا اور چھٹی دوپہر تین بجے ہوا کرے گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 15 اکتوبر 2020 12:11

موسم سرما کے لیے سکولوں کے نئے اوقات کار جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2020ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے موسم سرما کے لیے سکولوں کے نئے اوقات کار جاری کیے ہیں۔گرلز اسکول ساڑھے آٹھ بجے لگے گا۔اڑھائی بجے دوپہر چھٹی ہوگی جبکہ بوائز سکول 9 بجے لگے گا اور چھٹی دوپہر تین بجے ہوا کرے گی۔جمعے کے روز گرلز سکول میں ساڑھے بارہ بجے چھٹی ہوا کرے گی جبکہ اس روز بوائز سکول میں چھٹی دوپہر ایک بجے ہوا کرے گی۔

ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے مطابق موسم سرما کے اوقات کار کا اطلاق 16اکتوبر سے ہوگا۔اسکول کے اوقات کار میں فرق ٹریفک کے بہاؤ کو کم کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔دوسری جانب پنجاب میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات نہ کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس کورونا وبا کی وجہ سے پہلے ہی تعلیم کا کافی نقصان ہو چکا ہے اس لیے صوبے کے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلمپنٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں برس سموگ کی وجہ سے تعطیلات نہیں ہوں گی،۔ حکومت نے انصاف اکیڈمیز متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا جہاں سےطلبہ گھر میں بیٹھ کر لیکچر لے سکیں گے اور ٹیسٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں متعدد نجی اکیڈمیز کام کر رہی ہیں لیکن وہ بھاری فیسز لے رہی ہیں۔

انہیں ایسی بہت سی رپورٹس ملی ہیں کہ اساتذہ نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ نصاب مکمل کروانے کے لیے اپنے بچوں کو ان نجی اکیڈمیز میں داخل کروائیں۔جب کہ وزیرتعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے اسکول دوبارہ بند ہونے کے حوالے سے خبروں کی تردید کردی،نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال اسکول دوبارہ بند کرنا پڑیں گے ، کیوں کہ کورونا کے حوالے سے حالات کنٹرول میں ہیں ، جب کہ گزشتہ برس اسموگ کی وجہ سے ماسک کے استعمال کا کہا تھا ۔