Live Updates

مزارقائد پر سیاسی نعرے‘کیپٹن صفدر کراچی سے گرفتار

پولیس نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کو اتوار کے دن درج ہونے والے مقدمے میں گرفتار کیا ہے. سندھ پولیس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 19 اکتوبر 2020 11:04

مزارقائد پر سیاسی نعرے‘کیپٹن صفدر کراچی سے گرفتار
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 اکتوبر ۔2020ء) کراچی پولیس نے مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اعوان کو مزارِ قائد پر سیاسی نعرے لگانے کے مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے. کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب اتوار کے روز حزبِ اختلاف کی 11جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے کراچی میں ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا تھا اس جلسے کی میزبانی پیپلز پارٹی نے کی تھی.

(جاری ہے)

جلسے سے قبل کیپٹن صفدر، اہلیہ اور کارکنان کے ہمراہ اتوار کی دوپہر مزارِ قائد پہنچے تھے جہاں انہوں فاتحہ خوانی کے بعد ووٹ کو عزت دو اور مادرِ ملت زندہ باد کے نعرے لگوائے تھے کیپٹن صفدر کی نعرے بازی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بریگیڈ تھانے میں ایک شہری کی مدعیت میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا. آج صبح پولیس نے کراچی کے ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر کیپٹن (ر) صفدر کو حراست میں لے لیا مریم نواز نے بھی اپنے شوہر کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی ایک ٹوئٹ میں الزام عائد کیا کہ پولیس نے ان کے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑنے کے بعد کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کر لیا ہے.

نجی ٹی وی چینلزنے کیپٹن(ر) صفدر اعوان کی گرفتاری کی ویڈیوز بھی نشر کی ہیں جن میں انہیں پولیس کی گاڑی میں بیٹھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے صفدر اعوان کی گرفتاری پر کہا ہے کہ سندھ پولیس کا کیپٹن صفدر کی گرفتاری کا عمل قانون کے احترام کا بیانیہ ہے. انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی قبر اور ان کا مزار کم ظرف سیاسی قیادت کے کھیل کا میدان نہیں بلکہ یہ ہر پاکستانی کے لیے مقدس ہے فواد چوہدری نے کہا کہ قائد اعظم کے مزار پر نعرے بازی، اور غیر سنجیدہ طرزِ عمل قانون کے خلاف ہے جس پر سزا ہونی چاہیے.

سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ جس انداز میں کیپٹن صفدر کو گرفتار کیا گیا اس کی مذمت کرتے ہیں صوبائی حکومت کی ہدایت پر یہ گرفتاری نہیں ہوئی انہوں نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری اپوزیشن جماعتوں کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی سازش ہے واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل اتحاد میں شامل دوسری بڑی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت ہے .
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات