Live Updates

اپوزیشن چوں چوں کا مربہ ہے، 11 پارٹیاں مل کر ابو بچاؤ مہم چلارہی ہیں‘ڈاکٹریاسمین راشد

مریم ،بلاول بھٹو دونوں ابا بچائو مہم کو کامیاب کرنیکی کوشش کر رہے ہیں، نئے پاکستان میں چوروں ، لٹیروں اور ڈاکوئوں کی کوئی جگہ نہیں صوبہ بھر میںصحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار بڑھا کر 80لاکھ سے زائد خاندانوں کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دی جائے گی‘ میڈیا سے گفتگو

بدھ 21 اکتوبر 2020 17:30

اپوزیشن چوں چوں کا مربہ ہے، 11 پارٹیاں مل کر ابو بچاؤ مہم چلارہی ہیں‘ڈاکٹریاسمین ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاہے کہ اپوزیشن چوں چوں کا مربہ ہے، 11 پارٹیاں مل کر ابو بچاؤ مہم چلارہی ہیں عوام سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں۔ سروسز ہسپتال میں بیمار نوازشریف داخل ہوا تھا، لندن جاتے ہی بالکل ٹھیک ہوگئے۔مریم نواز اور بلاول بھٹو دونوں ابا بچائو مہم کو کامیاب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایک کا تو ابو مفرور ہے اور ملک سے باہر بیٹھ کر خاص ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔نئے پاکستان میں چوروں ، لٹیروں اور ڈاکوئوں کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی اور پی ٹی آئی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے نشترمیڈیکل یونیورسٹی میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پی ایم اے کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔پی ایم اے کی تقریب حلف برداری میں وزیر جیلخانہ جات زوار وڑائچ اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت ندیم قریشی اور سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمداجمل بھٹی نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے مزیدکہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ محکمہ صحت پنجاب میں ڈاکٹرز کی سوفیصد میرٹ پر ریکارڈ بھرتیاں اور ترقیاں کی گئیں۔

حکومت نی52 لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کے درمیان صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے۔ صحت انصاف کارڈ کے حامل خاندان پنجاب میں اڑھائی سو سے زیادہ سرکاری و نجی ہسپتالوںسے علاج کی مفت سہولت حاصل کر رہے ہیں ۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے نشتر ٹو ہسپتال کا کام تیزی سے جاری ہے۔ غلہ منڈی ملتان میں سٹیٹ آف دی آرٹ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔

سابق حکومتوں نے کبھی بھی جنوبی پنجاب کی عوام کو ان کا حق نہیں دیا۔جنوبی پنجاب کی عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ ملتان میں الگ سول سیکرٹٹریٹ کا قیام عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔خدمت انسانیت کے ذریعے عوام کے دل جیتیں گے۔ کورونا وائرس پر قابو پانا اکٹرز ، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی محنتوںکے بغیر ممکن نہ تھا۔

کورونا وائرس نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ چینی اور پاکستانی ڈاکٹرز مل کرکورونا وائرس کی ویکسین کے تجربات کر رہے ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشدنے عوام سے کوروناوائرس سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی اپیل کی۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ صوبہ بھر میںصحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار بڑھا کر 80لاکھ سے زائد خاندانوں کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دی جائے گی۔دائرہ کار وسیع ہونے سے پنجاب کی پانچ کروڑسے زائدآبادی صحت کارڈ سے مستفید ہوسکے گی۔ڈاکٹری پیغمبرانہ پیشہ ہے جس کو ڈاکٹرز عبادت سمجھ کر نبھائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات