پی ٹی آئی حکومت سرکاری اخراجات میں ریکارڈ کمی لائی ہے، سینیٹرفیصل جاوید

وزیراعظم کے دفتر اور بیرونی دوروں کے اخراجات میں کمی سے خزانے کو فائدہ پہنچا،اجلاس سے خطاب

بدھ 21 اکتوبر 2020 17:55

پی ٹی آئی حکومت سرکاری اخراجات میں ریکارڈ کمی لائی ہے، سینیٹرفیصل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت سرکاری اخراجات میں ریکارڈ کمی لائی جس سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچا ہے ۔دیگر اداروں کو بھی اپنے اخراجات میں کمی لانی چاہیئے۔پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان اپنے اخراجات میں کمی اور مارکیٹنگ اینڈ سیلزکی منصوبہ بندی میں بہتری لا کر اپنے ملازمین کی ضروریات پوری کریں۔

پی ٹی وی، پیمرا اور ریڈیو پاکستان بچوں پر جنسی تشدد کی حوصلہ شکنی پر مبنی پبلک سروس میسجز نشر کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران اور ان کی ٹیم نہ صرف دفاتر کے اخراجات میں کمی لائی ہے بلکہ بیرون ممالک دوروں پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی ریکارڈ کمی ہوئی جس سے قومی خزانے کو فائدہ پہنچا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پی ٹی وی کے پروگرامز میں نشر ہونے والے پاکستان کے غلط نقشے کے حوالے سے ایم ڈی پی ٹی وی اور دیگر نے کمیٹی کو وضاحت پیش کی اس معاملے میں اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ کمیٹی اراکین کے اطمینان پر معاملہ نمٹا دیا گیا۔ایم ڈی پی ٹی وی نے کمیٹی کے اراکین کو بتایا کہ پی ٹی وی کے ملازمین کی ریٹائرمنٹ کا حقیقت کے برعکس تاثر پیداہورہا ہے۔

پی ٹی وی نے ملازمین کو جبری ریٹائر نہیں کیا بلکہ انہیں پوری تنخواہ ملتی ہے اور ان کی مدت ملازمت کی تکمیل تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔کمیٹی کو ریڈیو پاکستان کی سربراہ نے ادارے کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی مالی حالت ایسی نہیں کہ کنٹریکٹ ملازمین کے معاہدات میں توسیع کی جاسکے اس لئے کانٹریکٹ ملازمین کو فارغ کرنا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ ادارہ ہر آنے والے دن نقصان میں جارہا ہے۔ اس پر سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم نے سرکاری اخراجات میں کمی لانے کی مثال قائم کی ہے۔ تمام اداروں کو وزیراعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے اخراجات میں کمی لانی چاہیئے ۔انہوں نے پیمرا،پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کو ہدایت کی کہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات کے خاتمے کے لئے پبلک سروس میسجز چلائے جائیں اور زینب الرٹ ایپ کو بھی ان کے ساتھ لنک کیاجاسکے تا کہ عوام میں شعور بیدار ہو۔