نواز شریف نے اپنی تقریر میں جن لاپتہ افراد سے اظہار ہمدردی کیا ان میں اپنا نام بھی شامل کر لیں تو مناسب ہو گا‘ فیاض الحسن چوہان

دو سو روپے کلو انڈوں والے بیان کے بعد بلاول زرداری نے عمران خان پر بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کرنے کا مضحکہ خیز بیان داغا ‘ وزیر اطلاعات

پیر 26 اکتوبر 2020 17:21

نواز شریف نے اپنی تقریر میں جن لاپتہ افراد سے اظہار ہمدردی کیا ان میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مکس اچار پارٹی کی سیاسی سرکس پی ڈی ایم کے ہر نئے جلسے میں حواس باختہ قائدین کے ہوشربا انکشافات سے پاکستانی عوام محظوظ ہو رہے ہیں،نواز شریف نے اپنی تقریر میں جن لاپتہ افراد سے اظہار ہمدردی کیا ان میں اپنا نام بھی شامل کر لیں تو مناسب ہو گا۔

اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ گزشتہ دس ماہ سے سابق وزیراعظم پاکستان اپنے خاندان، قومی خزانے سے لوٹے کرپشن کے کھربوں ڈالرز اور 100 سوٹ کیسوں سمیت لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں چور دروازے سے داخل ہونے والے نواز شریف آج جمہوریت کے ٹھیکیدار بنے بیٹھے ہیں۔ بلاول زرداری کے خطاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دو سو روپے کلو انڈوں والے بیان کے بعد بلاول زرداری نے عمران خان پر بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کرنے کا مضحکہ خیز بیان داغا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے وڈیروں کو شاید ہر دوسرا حکمران بھی اپنی طرح قبضہ مافیا ہی لگتا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ آل شریف و آل زرداری کی ڈکشنری میں صحافت، عدلیہ اور سیاست کی آزادی کے معنی ریاستی اداروں کی جانب سے ان خاندانوں کی تابعداری اور چاکری سے منسوب ہیں۔ جس دن سے یہ ریاستی ادارے آزادانہ کام کر رہے ہیں، اپوزیشن کو لگتا ہے انکا مینڈیٹ چھن گیا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ڈی ایم کے قائدین کے ملک دوستی کے ڈرامے کا ڈراپ سین نزدیک آ رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنا اصل ایجنڈا اور ملک دشمنی پر مبنی مکروہ عزائم بے نقاب کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بلوچستان کی آزادی اور علیحدگی کی بات کوئی محب وطن پاکستانی سیاستدان نہیں کر سکتا۔ صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ پی ڈی ایم کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان عالم اسلام سمیت پوری دنیا میں ایک معتبر ملک کے طور پر جانا جاتا ہے اور اسکی وجہ وزیراعظم عمران خان کی مدبرانہ قیادت اور بہترین سفارتکاری ہے۔