اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا کوئٹہ کا جلسہ فوج پر حملہ قرار دے دیا گیا

اختلاف رائے رکھنا اور جلسے جلوس نکالنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے ، لیکن اگر ایک بندے کی غلط رائے ہے تو 8 لاکھ فوج کی قربانیوں کو کیسے نظر انداز کیا جاسکتا ہے ، تجزیہ کار عارف حمید بھٹی

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 اکتوبر 2020 10:14

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا کوئٹہ کا جلسہ فوج پر حملہ قرار دے دیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اکتوبر2020ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر مشتمل اتحاد کی طرف سے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں کوئٹہ میں ہونے والے جلسے کو پاک فوج پر حملہ قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ بہت افسوس ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والا پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں بلکہ فوج پر حملہ تھا ، پاکستان کی فوج کو بھارت کمزور کرنا چاہتا ہے ، اختلاف رائے رکھنا اور جلسے جلوس نکالنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے ، لیکن اگر ایک بندے کی غلط رائے ہے تو 8 لاکھ فوج کی قربانیوں کو کیسے نظر انداز کیا جاسکتا ہے ، بلاول بھٹو نے بہت اچھی بات کی آئی ایس آئی کی تعریف کی ، لیکن شاید انہیں معلوم نہیں ہے کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیر داخلہ رحمان ملک نے آئی ایس آئی کو اپنے ماتحت کرنے کی کتنی زیادہ کوشش کی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوری میں پاکستان ڈیمو کریٹ موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک کا ’بوریا بستر گول‘ ہو جائے گا ، تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اپوزیشن نے وزیر اعظم عمران خان کو کیا گھر بھیجنا ہے بلکہ ان کی پوری قیادت خود گھر چلی جائے گی ، وقت گزرنے کے ساتھ ہی اپوزیشن کا بیانیہ کمزور ہوتا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی ان کے باہمی اختلافات بھی بڑھتے جائیں گے ، جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے جنوری تک ملک واپس آنے کے بعد ان کی تحریک میں سے جان نکل جائے گی ، جس کے بعد اپوزیشن کی موجودہ تحریک زیادہ لمبےعرصے تک نہیں چل سکے گی ، جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں اپنے اندر ہی پھوٹ پڑ جائے گی ، کیوں کہ مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان پاکستانی عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں۔