عمران خان کی کرپشن نے 72 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، احسن اقبال

پی ڈی ایم اس حکومت کو گھر بھیج کر آزاد انتخابات کے ذریعے حقیقی حکومت لائے گی: جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن

منگل 27 اکتوبر 2020 17:42

عمران خان کی کرپشن نے 72 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، احسن اقبال
حیدر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی کرپشن نے 72 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، پوری وزارت داخلہ کو اپوزیشن پر مقدمے بنانے پر لگادیا ہے،ن لیگ نے معیشت اور سیکورٹی میں جو حاصل کیا یہ حکومت اسے ریورس کررہی ہے، پی ڈی ایم اس حکومت کو گھر بھیج کر آزاد انتخابات کے ذریعے حقیقی حکومت لائے گی، میڈیا کا گلا گھونٹ کر ہزاروں صحافی بے روز گار کردیے گئے، اپوزیشن کا جلسہ دکھانے پر چینل کو بند کیا گیا۔

جزیروں پر وفاق کے قبضے کی مذمت کرتے ہیں۔۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن)کے رہنما سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک کو مزید فعال بنانے کیلئے سندھ کا دورہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں اناڑی لوگوں کی حکومت ہے۔ سندھ میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی حکومت نے کشمیر کا سودا کیا ہے۔ پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہیں۔

حیدرآباد.یہ حکومت لا ینڈ آرڈر میں بھی ناکام ہوگئی ہے۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہر اس سیاسی جماعت اور فرد کو شامل ہونے کے لیے موقع ہے جو آئین کی بالادستی پر یقین رکھے۔ جو پی ڈی ایم کے مقاصد سے اتفاق رکھتا ہے اسے خوش آمدید کہے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کہتی ہے ساری اپوزیشن انڈیا کی ایجنٹ ہے۔ بھارتی وزیر اعظم سوچتا ہوگا کہ اپوزیشن میری ہے، عمران خان ایسے بیان سے خود پاکستان کو کمزور کررہے ہیں۔

مسلم لیگ ن پاکستان کی ماں ہے، اسے عمران خان کا سرٹیفیکٹ نہیں چاہئے۔احسن اقبال نے کہاکہ دو سالوں میں آٹا 80 اور چینی 120 روپے فی کلو کیسے ہوگئی عمران خان کہتے تھے مہنگائی ہوتی ہے تو وزیر اعظم چور ہوتا ہے۔ عمران خان کی کرپشن نے 72 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ بی آر ٹی جیسے منصوبے پر اسٹے آرڈر کے پیچھے کون چھپا ہی ،احسن اقبال نے کہا کہ وزارت داخلہ وزرات نیب بن چکی ہے۔ پوری کی پوری وزارت داخلہ کو اپوزیشن پر مقدمے بنانے پر لگادیا ہے۔