امریکی الیکشن کے بعد سعودی حکومت اسرائیل کو تسلیم کر لے گی،بڑا دعویٰ سامنے آ گیا

لگ بھگ آٹھ دس ممالک اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ہیں ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 28 اکتوبر 2020 05:54

امریکی الیکشن کے بعد سعودی حکومت اسرائیل کو تسلیم کر لے گی،بڑا دعویٰ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2020ء) گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے کنگ محمد بن سلمان کا بیان میڈیا میں بڑا وائرل ہوا تھا جس میں انہوںنے کہا تھا کہ اگر انہوں نے اسرائیل کو تسلیم کیا تو قطر،ایران اور سعودی عرب کے لوگوں کو انہیں قتل کرنے کا موقعہ مل جائے گا۔اس سے یہ ثابت ہوا تھا کہ محمد بن سلمان تو شاید اسرائیل کو تسلیم کرنا چاہتے ہیں مگر دیگر مسلمانوں کے جذبہ ایمانی کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے قتل ہو جانے کے خوف سے انہوں نے ایسا نہ کیا۔

تاہم اس حوالے سے اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ یوسی کوہن نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور سعودی عرب کے تعلقات امریکی الیکشن کی وجہ سے رکے ہوئے ہیں۔جیسے ہی الیکشن ہوئے سعودی عرب الیکشن جیتنے والے صاحب کو تحفہ کی صورت میں اسرائیل کے ساتھ معاہدہ کرنے اور تسلیم کرنے جیسی پیشکش خود ہی کر دیں گے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے یہ بات بھی گردش کر رہی ہے کہ اگر امریکی الیکشن ڈونلڈ ٹرمپ جیتتا ہے تو پھر ہر صورت سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کر لے گا۔

جبکہ موساد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کون جیتے گااس سے کوئی فرق نہیں پڑتا بس الیکشن ہونے کے بعد سعودی عرب خیر سگالی کے جذبہ کے طور پر اسرائیل کو تسلیم کر لے گا۔

اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاتھا کہ ہماری کوششوں سے تین مسلم ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کر لیا ہے اور امید ہے کہ مزید ممالک بھی جلد اسے تسلیم کر لیں گے۔

ٹرمپ نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آٹھ تا دس ممالک اس فہرست میں شامل ہیں جو جلد یا بدیر اسرائیل کو تسلیم کر لیں گے۔ان دس ممالک میں سے پانچ ممالک تو پکے ہیں اور وہ بہت جلد تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے کیونکہ ان کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں تاہم باقی کے ممالک بھی بہت جلد اسرائیل کو تسلیم کریں گے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا امریکی الیکشن ہونے کے بعد سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کر لیتا ہے یا نہیں یہ آنے والا وقت بتائے گا۔