سپریم کورٹ بار انتخابات: لاہور کے 1328وکلاووٹرز لاہور رجسٹری میں کل ووٹ کاسٹ کریں گے

بدھ 28 اکتوبر 2020 20:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2020ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کیلئے پولنگ( کل) جمعرات کو ہوگی۔سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر سے 3 ہزار 177 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ سپریم کورٹ بار کے وکلا کی سب سے زیادہ تعداد ایک ہزار 329 کا تعلق لاہور سے ہے جو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری عمارت میں قائم پولنگ سٹیشن میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔

بار الیکشن میں پولنگ کیلئے لاہور سمیت ملتان، بہاولپور ، کراچی، پشاور ، کوئٹہ و دیگر بڑے شہروں میں پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابی دنگل میں وکلاکے دو بڑے گروپوں عاصمہ جہانگیر گروپ اور حامد خان گروپ کے صدارتی امیدواروں میںکانٹے دار مقابلے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار عبدالطیف آفریدی کا ون آن ون مقابلہ حامد خان گروپ کے عبدالستار خان سے ہوگا،اس مرتبہ دونوں صدارتی امیدواروں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، پنجاب سے عاصمہ جہانگیر گروپ کے سیکرٹری کے امیدوار رانا احمد شہزاد فاروق کا مقابلہ عمر سہیل سلیمی سے ہوگا جنہیں حامد خان گروپ کی حمایت حاصل ہے۔

عاصمہ جہانگیر گروپ کے نائب صدر کے امیدوار ارشد باجوہ کا مقابلہ حامد خان گروپ کے یونس نول سے ہوگا۔بلوچستان سے نائب صدر کی نشست پر اجمل خان کاسی ،غلام مصطفی ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔خیبر پی کے سے نائب صدر کی سیٹ پر محمد اجمل خان اور سید اقبال حسین شاہ گیلانی جبکہ پنجاب سے نائب صدر کے لئے بابر اے خلجی، محمد ارشد باجوہ ،محمد یونس خان نول، نائب صدر سندھ کیلئے قاضی عبد الحمید صدیقی ،عمران شمسی ، سید غلام شاہ بخاری اور یونس ملئی، سیکریٹری کی نشست پر احمد شہزاد فاروق رانا اور محمد عامر سہیل سلیمی، ایڈیشنل سیکریٹری کے سیٹ پر ملک شکیل الرحمان، شیریں عمران اور ذوالفقار احمد بھٹہ جبکہ فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر محمد افضل جنجوعہ اور محمد اکرم گوندل مدمقابل ہیں۔

ایگزیکٹو کمیٹی کیلئے امیدواروں میں جام آصف، جاوید احمد، محمد سلیم ہاشمی ،نوید الحق چوہدری ،عبدالمالک بلوچ ،عبدالرزاق ، ناصر کاسی، شمس الرحمان رند شامل ہیں۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں پولنگ آج جمعرات کی صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔پولنگ میں دوپہر ایک سے دو بجے نماز اور کھانے کا وقفہ ہو گا، انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا اعلان آج جمعرات کی رات ہی کردیا جائے گاجبکہ الیکشن کے نتائج کا باضابطہ سرکاری اعلان 4 نومبر کو کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر کے فرائض سینئر قانون دان راجہ افراسیاب خان انجام دیں گے۔