Live Updates

ن لیگ نے ہمیشہ ڈیل کے ذریعے حکومت کی ہے، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے،وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی

بدھ 28 اکتوبر 2020 21:58

اسلام آباد۔28اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2020ء) :وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا آئین و قانون اور جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں ہے، ن لیگ مارشل لاءکی پیداوار ہے اور ہمیشہ ڈیل کے ذریعے حکومت میں آتی رہی ہے، ن لیگ کا تعلق 8 کیسز سے ہے، اگر آج حکومت ان کو ریلیف دیدے تو وزیراعظم عمران خان  سمیت  تمام ادارے اچھے ہو جائیں گے، موجودہ حکومت 1 کروڑ 70 ووٹ لیکر اقتدار میں آئی ہے اور اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی سابقہ حکومت تباہ حال معیشت چھوڑ کر گئی تھی، پہلے ہی معاشی مشکلات تھیں اور پھر کورونا وائرس کی وجہ سے معیشت کو مزید نقصان پہنچا جس کی وجہ سے اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھیں۔

(جاری ہے)

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد وفاق اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر ہونی چاہیے تھی لیکن ایسا نہیں ہوا اسی لئے ہم نے اپوزیشن کو تجویز دی تھی کہ اس پر بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2019ءمیں سندھ حکومت کو گندم اٹھانے کا کہا گیا لیکن اس نے ایسا نہیں کیا، اب گندم درآمد ہو رہی ہے اور اگلے چند مہینے میں آٹے سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں نیچے آنا شروع ہو جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی 2011ءمیں کہی ہوئی بات سچ ثابت ہو گئی ہے کہ جب ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین کا احتساب ہو گا تو یہ اکٹھے ہو جائیں گے اور آج یہ لوگ اکٹھے ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلسے جلوس کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے، اپوزیشن کے جلسوں میں حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کی بجائے قومی اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور آزاد بلوچستان کی باتیں ہو رہی ہیں، اپوزیشن کا بیانیہ حکومت کے خلاف نہیں بلکہ ریاست کے خلاف ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں این آر او چاہتی ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان نے واضح کہہ دیا ہے کہ وہ قوم کا پیسہ کھانے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دے گی اسلئے اپوزیشن ریلیف لینے کیلئے اداروں پر دباﺅ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قومی مفاد کے معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے، اپوزیشن جماعتیں آئیں اور انتخابی اصلاحات پر بات کریں تاکہ انتخابات کو مزید شفاف بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام وزیراعظم عمران خان کو ہی امیدوں کا محور سمجھتے ہیں، وہ مریم نواز یا بلاول بھٹو کو ان کے متبادل نہیں سمجھتے، انہیں یقین ہے کہ صرف وزیراعظم عمران خان ہی ملک کو درپیش مسائل سے نکالیں گے
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات