پی ایس ایل5 ،کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا آنجہانی کوچ ڈین جونز کو شاندار خراج تحسین

دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے انگریزی حرف ڈی کی شکل میں کھڑے ہوکر آنجہانی کوچ ڈین جونز کو خراج عقیدت پیش کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 14 نومبر 2020 15:14

پی ایس ایل5 ،کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا آنجہانی کوچ ڈین جونز کو ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 نومبر2020ء) پاکستان سپر لیگ 2020ء کے کوالیفائر مقابلے کے آغاز سے قبل کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں نے کراچی کنگز کے آنجہانی کوچ ڈین جونز کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا ۔ میچ کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ڈین جونز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے انگریزی حرف ڈی کی شکل میں کھڑے ہوکر آنجہانی کوچ کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

یاد رہے کہ ڈین جونز نے پی ایس ایل کے تمام سیزنز میں کوچنگ کے فرائض سرانجام دیئے تھے، انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 مرتبہ چیمپئن بھی بنوایا اور رواں سال کراچی کنگز کی کوچنگ کررہے تھے ۔ یاد رہے کہ کوالیفائر مقابلے میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنیکا فیصلہ کیا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث تعطل کا شکار ایونٹ کے بقیہ میچوں کا انعقاد 8 ماہ بعد ہورہا ہے،ہفتے کے روز شیڈول دوسرے میچ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ایلیمنٹر 1میں مدمقابل آئیں گی۔

کوالیفائر ہارنے والی ٹیم ایلیمنٹر 1 کی فاتح ٹیم کے ساتھ اتوار کو شیڈول ایلیمنٹر 2 میں مدمقابل آئیگی۔ ایونٹ کا فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ایونٹ کے بقیہ میچوں میں شریک چار ٹیموں کے حتمی اسکواڈز کے مطابق کراچی کنگز میں عماد وسیم (کپتان) ، عامر یامین ، ایلکس ہیلز(انگلینڈ) ، ارشد اقبال ، اویس ضیاء ، بابر اعظم ، کیمرون ڈیلپورٹ (جنوبی افریقہ) ، چیڈوک والٹن (ویسٹ انڈیز) ، افتخار احمد ، محمد عامر ،محمد رضوان ، شرجیل خان ، روتھر فورڈ (ویسٹ انڈیز) ، عمید آصف ، عمر خان ، اسامہ میر ، وقاص مقصود اور وائن پارنیل (جنوبی افریقہ)،لاہور قلندرز میں سہیل اختر (کپتان) ، تمیم اقبال (بنگلہ دیش) ، فخر زمان ، محمد حفیظ ، ڈیوڈ ویزے (جنوبی افریقہ) ، شاہین شاہ آفریدی ، عثمان شنواری ، سمت پٹیل (انگلینڈ) ، حارث رؤف ، آغا سلمان ، بین ڈنک ( آسٹریلیا) ، فرزان راجہ ، جاہد علی ، عابد علی ، محمد فیضان ، معاذ خان ، ڈین ویلاز (جنوبی افریقہ) اور دلبر حسین،ملتان سلطانز میں شان مسعود (کپتان) ، ایڈم لیتھ (انگلینڈ) ، علی شفیق ، بلاول بھٹی ، برینڈن ٹیلر (زمبابوی) ، عمران طاہر (جنوبی افریقہ) ، جوئے ڈینلی (انگلینڈ) ، جنید خان ، خوشدل شاہ ، محمد الیاس ، محمد عرفان ، روی بوپارہ (انگلینڈ) ، رائیلی روسو (جنوبی افریقہ) ، روحیل نذیر ، شاہد آفریدی ، سہیل تنویر ، عثمان قادر اور ذیشان اشرف،پشاور زلمی میں وہاب ریاض (کپتان) ، عامر علی ، عادل امین ، کارلوس برتھ ویٹ (ویسٹ انڈیز) ، فاف ڈو پلیسی (جنوبی افریقہ) ، حیدر علی ، ہارڈس ویلجوئن (جنوبی افریقہ) ، امام الحق ، کامران اکمل ، خرم شہزاد ، محمد عمران ، محمد محسن ، راحت علی ، ثاقب محمود ، شعیب ملک ، صہیب مقصود ، عمر امین اور یاسر شاہ شامل ہیں ،اس حوالے سے تمام ٹیموں کے کپتانوں نے ٹائٹل جیتنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہت پرجوش اور ان بقیہ میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ایونٹ کے کوالیفائر میں شرکت سے ہمارے کھلاڑی بہت پراعتماد ہیں اور بطور کپتان اسی اعتماد کا فائدہ اٹھا کروہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں سے بہترین نتائج حاصل کرنیکی کوشش کریںگے۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں ایونٹ کے پلے آف میچز کے انعقاد پر بہت خوش ہیں اور اس حوالے سے وہ منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کا سکواڈ باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اوروہ وسیم اکرم جیسے لیجنڈری کرکٹر کی کیمپ میں موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھاکر ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریںگے۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ وہ ایک بار پھر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020ء کے میچز کے آغاز پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں بہترین کھلاڑی موجود ہیں اور انہیں مکمل اعتماد ہے کہ بیٹسمین حریف باؤلرزکیخلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے، شاہین آفریدی اور حارث رؤف سمیت باصلاحیت باؤلرزتو ہماری ٹیم کی پہچان ہیں۔ پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ بقیہ میچز کے انعقاد سے ہمیں ایک بار پھر ٹائٹل جیتنےکا موقع مل رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بطور کپتان اپنی کارکردگی سے سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کو دباؤ سے نکالنے کی ہر ممکن کوشش کریںگے۔