ضلعی انتظامیہ اور حکومت لاک ڈائون کرکے متوسط طبقے اور دیہاڑی دار مزدوروں کا معاشی قتل نہ کرے‘سٹی صدر پیپلزپارٹی مظفرآباد

منگل 24 نومبر 2020 16:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) سٹی صدر پیپلزپارٹی مظفرآباد راجہ بشارت افضل نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور حکومت لاک ڈائون کرکے متوسط طبقے اور دیہاڑی دار مزدوروں کا معاشی قتل نہ کرے ،اندرون شہر ٹرانسپورٹ اور دکانیں ،ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دیںتاکہ عوام اِس مہنگائی کے دور میں اپنے بال بچوں کا پیٹ پال سکے،رکشہ ،سوزوکی ،گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ قبل مذمت ہے،بڑی گاڑیوں پر ہاتھ ڈالیں تو بات سمجھ میں آئے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے حکومت آزادکشمیر ،ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ آزادکشمیر مظفرآباد میں کرونا وائرس کے کیسز ویسے ہی کم ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور حکومت کی جانب سے بغیر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دکانیں اور شہر کے اندر ہنگامی طور پر چلنے والی ٹریفک کو بھی بند کرکے لوگوں کو گھروں کے اندر محصور کر دیا ہے جو کہ قابل مذمت ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ دکانیں اور پبلک ٹرانسپورٹ بندکرنے کے بجائے ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کی پالیسی پر کام کریں تاکہ روزگار بھی چلتا رہا اور غریب عوام کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت نہ آسکے ۔اُنہوں نے کہا کہ اگر لاک ڈائون لگانا ہے تو حکومت اور ضلعی انتظامیہ گھروں میں قید عوام کو راشن اور اُن کے روز مرہ کے اخراجات فراہم کرے۔