یاسر شاہ کو صرف اس لیے کھلایاجارہا ہے تاکہ وہ میرا ریکارڈ توڑ سکے: دنیش کنیریا

اگر یاسر شاہ کی جگہ میں ہوتا تو کب کا ڈراپ کردیا جاتا کیوں کہ میں ہندو کمیونٹی سے آیا ہوں:سابق لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 نومبر 2020 16:42

یاسر شاہ کو صرف اس لیے کھلایاجارہا ہے تاکہ وہ میرا ریکارڈ توڑ سکے: دنیش ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 نومبر 2020ء ) قومی ٹیم کے سابق لیگ سپنر دنیش کنیریا کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کو کوئی بھی پرفارمنس نہ ہونے کے باوجود صرف اس لیے کھلایاجارہا ہے کہ وہ میرا ریکارڈ توڑ سکے۔اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے دنیش کنیریا کا کہنا تھا کہ میں نے 10سال پہلے پاکستان کے لیے آخری مرتبہ کھیلا تھا تاہم اب بھی وسیم اکرم ،عمران خان اور وقار یونس کے بعد پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والا باؤلر ہوں،میں نے جنوبی افریقہ،نیوزی لینڈ اور دیگر ممالک میں بھی میچ وننگ کارکردگی دکھائی ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ یاسر شاہ کو کوئی کارکردگی نہ دکھانے کے باوجود صرف اس لیے کھلایا جارہا ہے کہ وہ میرا ریکارڈ توڑ سکے،میری فرسٹ کلاس کرکٹ میں وکٹوں کی تعداد 1026ہے اور یاسر شاہ اس کے آس پاس بھی نہیں آتے، انہوں نے گزشتہ سال جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں کھیلی گئی سیریز میں 200،200رنز دیئے ہیں اور وکٹیں بھی نہیں لے سکے ہیں لیکن پھر بھی انہیں کھلانے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

دنیش کنیریا کا کہنا تھا کہ یاسر شاہ کی جگہ اگر مجھے یواے ای پر کھلادیا جاتا تو سب کے ریکارڈ توڑ دیتا ،ہر چیز کی کوئی وجہ ہوتی ہے،اگر یاسر شاہ کی جگہ میں ہوتا تو کب کا ڈراپ کردیا جاتا کیوں کہ میں ہندو کمیونٹی سے آیا ہوں،اگر یاسر شاہ نیوزی لینڈ میں پرفارم نہیں کرتا تو اس کا کیریئر ختم ہوجانا چاہیئے،پی سی بی کو چاہیئے کہ وہ اب زاہد محمود اورعثمان قادر کوموقع دیں،عثمان قادر یاسر شاہ سے زیادہ اچھا باؤلر ہے۔