پاکستان میں ایکٹیو کرونا کیسز کی تعداد 44 ہزار ہوگئی

گزشتہ چند روز کے دوران ملک میں کرونا کیسز کی تعداد میں بہت ہی تشویش ناک حد تک اضافہ، مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد سے زائد ہوگئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 26 نومبر 2020 23:56

پاکستان میں ایکٹیو کرونا کیسز کی تعداد 44 ہزار ہوگئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر2020ء) پاکستان میں ایکٹیو کرونا کیسز کی تعداد 44 ہزار ہوگئی، گزشتہ چند روز کے دوران ملک میں کرونا کیسز کی تعداد میں بہت ہی تشویش ناک حد تک اضافہ، مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد سے زائد ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مہلک عالمی وبا کرونا وائرس کی دوسری لہر بہت ہی تشویش ناک شکل اختیار کر گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ چند ہفتے قبل پاکستان کرونا وائرس کو شکست دینے کے قریب تھا، ملک میں کل کرونا مریضوں اور یومیہ بنیاد رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد انتہائی معمولی ہوگئی تھی۔ تاہم گزشتہ چند روز کے دوران مہلک وبا کی دوسری لہر کے دوران ملک بھر میں کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد اب 44 ہزار ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 45999 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 3306 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ،وائرس سے مزید 40 افراد انتقال کرگئے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا مثبت آنے کی شرح 7.1 فیصد رہی۔سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کرونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7843 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 86198 تک جا پہنچے ہیں،اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1418 مریض کرونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ سندھ میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 167381 ہوگئی ہے ،2866 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کرونا کے کل مریضوں کی تعداد 116506 ہے اور 2923 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں ،بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 16942 اور اموات 165 ہوچکی ہیں۔خیبرپختونخوا میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 45828 اور 1344 اموات ہوچکی ہیں۔ آزاد کشمیر میں 6403 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 152 افراد انتقال کرگئے،اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کرونا کے مریضوں کی تعداد 4583 اور 96 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 28555 ہے اور اب تک 297 مریض انتقال کرچکے ہیں۔