بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری کی منگنی انجام پا گئی

بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری نے ایک دوسرے کو منگنی کی انگوٹھی پہنائی، تقریب میں اہل خانہ کی شرکت

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 27 نومبر 2020 18:44

بختاور بھٹو  زرداری اور محمود چوہدری کی منگنی انجام پا گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 نومبر2020ء) سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی سب سے بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی محمود چوہدری کے ساتھ منگنی ہو گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بختاور بھٹو زرداری کی منگنی لاہور سے تعلق رکھنے والے چوہدری محمود کے ساتھ انجام پا گئی ہے ۔ بلاول ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب میں دونوں خاندانوں نے شرکت کی ۔

سابق صدر آصف علی زرداری بھی ہسپتال سے بلاول ہاؤس پہنچے۔ جبکہ بختاور کے بھائی بلاول بھٹو کورونا وائرس ہونے کے باعث منگنی کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکے ہیں ۔ منگنی کی تقریب میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے ۔ تقریب میں دونوں خاندانوں کے علاوہ انتہائی قریبی افراد نے شرکت کی ۔ واضح رہے کہ پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے اپنی منگنی کے خاص دن پرکہا ہے کہ آج میرے لیے ایک حساس اور جذباتی دن ہے۔

(جاری ہے)

اپنی منگنی پر خاص پیغام جاری کرتے ہوئے بختاور بھٹو نے لکھا کہ وہ تمام لوگوں کے پیار، محبت اور دعاں کی شکرگزار ہیں۔ خصوصی طور پر پیپلز پارٹی کے تمام اراکین کے لیے انہوں نے لکھا کہ منگنی میں شرکت کے خواہشمند پیپلز پارٹی کے کارکنان کی بھی تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔ بختاور بھٹو کا کہنا تھا کہ ابھی تو شروعات ہے، کورونا وائرس وبا کے بعد ہم اسے بھرپور طریقے سے منائیں گے۔ اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے تمام لوگوں سے اپنی فیملی اور خصوصا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست کی۔