گورنر سندھ نے بابا گرو نانک کی551ویں جنم دن کے موقع پر کیک کاٹا

پاکستان میں ہندو، عیسائی اور سکھ برادریوں کو مسلمانوں جتنے حقوق حاصل ہیں، گورنر سندھ

ہفتہ 28 نومبر 2020 19:37

گورنر سندھ نے بابا گرو نانک کی551ویں جنم دن کے موقع پر کیک کاٹا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں اقلیتوں کو ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں ،پاکستان میں کوئی بھی سیکنڈ کلاس شہری نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ سکھ برادری ہمیشہ سے ہمارے دل کے قریب رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کی551ویں جنم دن کے موقع پر گورنر ھائوس میں منعقدہ تقریب کے موقع پر کیا۔

رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔گورنر سندھ نے بابا گرو نانک کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں جتنے مسلمانوں کے حقوق ہیں اتنے ہی ہندو، عیسائی اور سکھوں کے حقوق ہیں، اس کے برعکس ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف وحشتناک کھیل کھیلا جا رہا ہے ، ھندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر زیادتی ہو رہی ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ بھارت میں ہونے والی ظلم و بربریت کا نوٹس لے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ھندوستان میں ہونے والے مسلمانوں کے خلاف روا رکھے جانے والی زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر میں سکھ برادری کا مشکور ہوں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گرو نانک کی تعلیمات انسانیت کے لیے ہیں اور دنیا کے سارے مذاہب بھی انسانیت کا سبق دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی کریم ؐ نے حقوق العباد پورے کرنے کی اہمیت پر بہت زیادہ زور دیا ہے ، ہمیں ہر انسان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر پاکستان سکھ کونسل کے سربراہ سردار رمیش سنگھ نے بابا گٴْرو نانک کی سالگرہ کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد کرنے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکھ برادری ملک کی تعمیرو ترقی کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔