ملتان کی سڑکوں پر خون بہا تو انتظامی افسران انکوائریاں بھگتیں گے ، رانا ثنااللہ

خوفزدہ کٹھ پتلی حکومت نے پورے ملتان کو قیدخانہ بنا دیا ، شہری باہر نکلیں اور ’ووٹ کو عزت دو‘ کے ساتھ کھڑے ہوں ، مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 30 نومبر 2020 15:29

ملتان کی سڑکوں پر خون بہا تو انتظامی افسران انکوائریاں بھگتیں گے ، ..
ملتان (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 نومبر2020ء) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ملتان کی سڑکوں پر خون بہا تو انتظامی افسران انکوائریاں بھگتیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ خوفزدہ کٹھ پتلی حکومت نے پورے ملتان کو قیدخانہ بنا دیا ، ملتان کی سڑکوں پر خون بہا تو انتظامی افسران انکوائریاں بھگتیں گے ، ملتان کے شہری باہر نکلیں اور ’ووٹ کو عزت دو‘ کے ساتھ کھڑے ہوں۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ عوام پر کسی بھی قسم کا ظلم ہرگز برداشت نہیں کریں گے ، اس لیے ضروری ہے کہ تمام عہدیداران اس کٹھ پتلی حکومت کے خلاف باہر نکلیں۔ اس سے پہلے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ جلسہ ہر صورت ہو گا ، جاتی امرا سے روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جلسہ جہاں بھی ہو، اسٹیڈیم کے اندر ہو یا باہر، جلسہ ضرور ہو گا ، راستے میں لگا ہر کنٹینر ان کے خوف کا عکاس ہے ، میں ذاتی غم کو پیچھے چھوڑ کر قوم کے غم کے لیے ملتان کے لیے نکل رہی ہوں ، ملک و قوم پر مشکل وقت ہے ، اسی لیے قوم کی بیٹی مریم نواز اور آصفہ بھٹو باہر نکلیں گی کیوں کہ ملک پر مشکل آئی تو بیٹیاں بھی گھروں سے باہر نکلی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنا خاتمہ نظرآ رہا ہے، یہ جلسہ کامیاب ہو گیا ، کسی لیڈر یا کارکن کی گرفتاری سے یہ تحریک نہیں رُکے گی ، گرفتاری کے خوف سے بزدل بھاگتے ہیں ، وکلا تحریک میں عمران خان دیواریں پھلانگ کر بھاگے تھے جب کہ مریم نواز جیل کاٹ چکی ہے دوبارہ گرفتاری کا ڈر نہیں ہے ، ملتان کے لوگ نکلیں اور اس نالائق حکومت سے جان چُھڑوائیں ، کوویڈ 19 تو چلا جائے گا لیکن کوویڈ 18 کو گھر بھیجنا ضروری ہے۔