حکومت کو پی ڈی ایم کے جلسہ میں ایک خفیہ ویڈیو چلائے جانے کا خدشہ

حکومت کے پاس اطلاعات ہیں کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے پاس کوئی ایسی ویڈیو ہے جو ان کے کسی ایک جلسہ میں چلائی جائے گی ، جس سے بہت سارے رازوں سے پردہ اٹھ جائے گا ، سینئر تجزیہ کار افتخار احمد کا انکشاف

Sajid Ali ساجد علی پیر 30 نومبر 2020 17:20

حکومت کو پی ڈی ایم کے جلسہ میں ایک خفیہ ویڈیو چلائے جانے کا خدشہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 نومبر2020ء) حکومت کے پاس اطلاعات ہیں کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے پاس کوئی ایسی ویڈیو ہے جو ان کے کسی ایک جلسہ میں چلائی جائے گی ، جس سے بہت سارے رازوں سے پردہ اٹھ جائے گا ، یہ انکشاف سینئر تجزیہ کار افتخار احمد نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے خدشات کی بناء پر پی ڈی ایم کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ اپنی سیاسی سرگرمیاں نہ کرے، کیوں کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ تو اپنی سوچ میں صاف ہے اور چند روز میں انہوں نے جو ماحول بنایا اس کے بعد ملتان کا جلسہ ہو یا نہ ہو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن حکومت کو شکست ضرور ہوچکی ہے، کیوں کہ کوئی ایسی حکومت نہیں جو پولیس کے زور پر چلی ہو، ہماری تاریخ بتاتی ہے کہ حکومت وقت کو پولیس کارروائیوں کا کبھی بھی فائدہ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں پی ڈی ایم کی طرف سے جلسسے جاری ہیں جہاں آج بھی ان کی طرف سے ملتان میں پنڈال سجایا گیا ہے جس کے بارے میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جلسہ گاہ کی طرف جانے کیلئے باہر نکل چکے ہیں ، ساتھیوں کے ساتھ جلسہ گاہ جائیں گے اور اس وقت تک واپس نہیں جائیں گے جب تک جلسہ نہ کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے گرفتارکرنے سے پہلے گرفتار کرنے والوں کو گرفتار کرلیا جائے گا ، جلسہ روکنے کے لیے کھڑی کی گئی رکاوٹیں ، موبائل فون سروس اوردیگر پابندیاں بھی کام نہیں آئیں گی جب کہ رکاوٹیں ہٹانے سے متعلق عدالت کا فیصلہ قانون کے عین مطابق ہے ، عدالت اور ہم دونوں چاہتے ہیں کہ جلسہ ہو۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ف کے رضاکار قوم کے خدمت گزار ہیں یہ کسی بھی قسم اسکواڈ نہیں ہے ، یہ رضاکار اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کر رہے ہیں ، کیوں کہ اگر ہمیں کوئی مارے گا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔