Live Updates

پی پی 52 ضمنی انتخابات میں پولیس اور انتظامیہ نے مریم گردی کی انتہا کردی، مونس الٰہی کا الزام

پولیس گاڑیوں میں جعلی ووٹوں کے ڈبے لائے گئے، پولنگ اسٹیشنز بند کر کے جعلی ٹھپے لگائے گئے، ن لیگی جتھوں نے پولنگ سٹیشنز پر اوپن غنڈہ گردی کی؛ پی ٹی آئی رہنماء کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 1 جون 2025 19:53

پی پی 52 ضمنی انتخابات میں پولیس اور انتظامیہ نے مریم گردی کی انتہا کردی، ..
سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جون 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء مونس الٰہی نے الزام عائد کیا ہے کہ پی پی 52 ضمنی انتخابات میں پولیس اور انتظامیہ نے مریم گردی کی انتہا کردی۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج سمبڑیال حلقہ پی پی 52 ضمنی انتخابات میں پولیس اور انتظامیہ نے مریم گردی کی انتہا کردی، پولیس گاڑیوں میں جعلی ووٹوں کے ڈبے لائے گئے، تحریک انصاف کے ووٹروں اور پولنگ ایجنٹس پر تشدد کیا گیا، پولنگ اسٹیشنز بند کر کے جعلی ٹھپے لگائے گئے، ن لیگی جتھوں نے پولنگ سٹیشنز پر اوپن غنڈہ گردی کی، مینڈیٹ چوروں پر لعنت بھیجتے ہیں۔

اسی حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ پی پی 52 سمبڑیال میں آج پولنگ کے دن ہمارے امیدوار فاخر نشاط گھمن کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشن سے باہر نکال کر پولیس مار پیٹ کر رہی ہے، بہت سی جگہوں پر پولنگ ایجنٹوں کو اینٹوں اور پتھروں سے مارا گیا ہے، پی پی 52 سمبڑیال پولنگ اسٹیشن لوپووالی پنجاب پولیس کی جانب بدترین دھاندلی جاری ہے جہاں پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا اور عوام کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یو سی بدوکی گاؤں رالیوکی اور کھرولیاں میں پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر اندر ٹھپے لگائے جا رہے ہیں، ضمنی الیکشن کے لیے جاری پولنگ کے دوران 30 سے 35 ڈنڈا بردار مبینہ پولیس والے پولنگ سٹیشن کے اندر گھس گئے اور پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ کو دھکے مار کر زبردستی پولنگ سٹیشن سے باہر نکال کر اندر سے تالا لگا دیا، الیکشن چھیننے کی اس کوشش کو خان کے جانثار ہر قیمت پر ناکام بنائیں، سب کو ہی ہدایت کی جاتی ہے کہ ہر چیز الیکشن کمیشن کے سیل یا ان کی ہیلپ لائن پر رپورٹ کریں، اگر فون نہ ملے تو ان کی ویب سائیٹ سے ای میل لے کر ہر واقعے کو رپورٹ کریں، پولیس ہیلپ لائن پر بھی سب رپورٹ کریں تاکہ ریکارڈ رہے، جن دوستوں کی زمہ داری پولنگ کی حفاظت ہے وہ بھی ہمت کریں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات