بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے قومی دفاع کے وزیر کی ملاقات

پیر 30 نومبر 2020 22:05

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے قومی دفاع کے وزیر کی ..
راولپنڈی ۔30نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30نومبر2020ء) :بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے قومی دفاع کے وزیر جنرل وی فینگ ہی نے پیر کو یہاں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور اضافی دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج چین کے ساتھ آزمودہ اور برادرانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ہم ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور مستقبل کے چیلنجوں کی صورتحال میں ہمارے تعلقات میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافہ کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط بھی ہوئے۔ چین کے قومی دفاع کے وزیر نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ پاک فوج کے ایک چاق و چوبند دستہ نے معزز مہمان کوگارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ جنرل وی فینگ ہی نے علاقائی امن کیلئے کوششوں اور سی پیک پراجیکٹس کے تحفظ کیلئے پاک فوج کی تعریف کی۔ بری فوج کے سربراہ نے علاقائی اور عالمی فورمز پر تمام ایشوز پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر چین کے قومی دفاع کے وزیر سے اظہار تشکر کیا۔