پرویز الٰہی ،شہباز شریف سے والدہ کے انتقال پر تعزیت کیلئے آئے ،سیاسی معنی دینا مناسب نہیں‘ رانا ثنا اللہ

رواداری کا کلچر معاشرے کی بنیاد ہے اور کسی کی اس طرح کی ملاقات کو رواداری تک ہی محدود رکھنا چاہیے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اپوزیشن جماعتیں فاشسٹ حکومت کو رخصت کرنے کیلئے متحد ہو چکی ہیں‘ خواجہ سعد رفیق اگر حکومت نے رکاوٹیں کھڑی کیں تو لاہور خود انہیں ہٹا لیں گے ‘ لیگی رہنمائوں کی ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو

جمعرات 3 دسمبر 2020 17:22

پرویز الٰہی ،شہباز شریف سے والدہ کے انتقال پر تعزیت کیلئے آئے ،سیاسی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ سپیکر چوہدری پرویز الٰہی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے لئے آئے تھے اس لئے اس ملاقات کو سیاسی معنی دینا مناسب نہیں، رواداری کا کلچر معاشرے کی بنیاد ہے اور کسی کی اس طرح کی ملاقات کو رواداری تک ہی محدود رکھنا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق کے ہمراہ ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ رواداری ذاتی فعل اور ذاتی سوچ ہوتی ہے اس لئے چوہدری پرویز الٰہی کی آمد کو سیاسی معنی دینا مناسب نہیں ، وہ شہباز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے لئے آئے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں فسطائیت مسلط ہے ،اس حکومت نے جھوٹ بولنے ، بہتان تراشی اور سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ۔

حالانکہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ جس روز شہباز شریف کی والدہ کی رحلت ہوئی انہیں اس روز پیرول پر رہا کیا جاتا تاکہ وہ اپنے خاندان کے غم میں شریک ہوتے لیکن اس میں جان بوجھ کر تاخیر کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اپوزیشن جماعتیں فاشسٹ حکومت کو رخصت کرنے کے لئے متحد ہو چکی ہیں ، پورے ملک میں عظیم الشان اجتماعات ہوئے ہیں اور ہر عوامی اجتماع حکومت کے خلاف ریفرنڈم تھا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سوا دو سال ووٹ چور حکومت کو برداشت کیا لیکن اس نے پاکستان کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا ہے ، جمہوریت کے نام پر آمریت مسلط ہے ۔اب ہم نے اس کا سامنا کرنا ہے اور یہ ڈٹ کر ہو گا ۔ا نہوں نے کہا کہ13 دسمبر کا جلسہ فقید المثال ہو گا ،حکومت نے اس میں کوئی رکاوٹ کھڑی کی تو لاہوریے اسے خود ہٹا دیں گے ،پی ڈی ایم کی جلسے کے لئے تیاری مکمل ہے ، لاہور کا جلسہ نام نہاد جمہوری حکومت کے خاتمے کی طرف ایک اہم قدم ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے لئے آئے ،سیاسی رواداری بہت ضروری ہے،دکھ کی گھڑی میں شریک ہونا اچھی روایت ہے اور اس سے ایک دوسرے کے دل میں قدر بڑھتی ہے، اس سے معاملات آگے چلتے ہیں ۔لیکن موجودہ حکومت کو اس معیار پر کھیں تو یہ اس پر پورا نہیں اترے ، کچھ لوگ اپنے قریبی ساتھیوں کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے نہیں گئے ۔ انہوںنے کہا کہ چوہدری نثار علی خان سے ذاتی تعلق ہے اور ذاتی تعلق توڑنے نہیں چاہئیں یہ کسی وقت کام آتا ہے ۔ جیل سے باہر آنے کے بعد سے چوہدری نثار سے ملاقات نہیں ہوئی تھی اس لئے وہ پہلے میری طرف آ گئے اور بعد ازاں جاتی امراء گئے ۔